اسلام آباد،لاہور (وقائع نگار خصوصی،نمائندہ خصوصی سے ) مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ نالائق اور سلیکٹڈ وزیراعظم نے ملک کا یہ حال کردیا ہے کہ ترقی رک چکی ہے ، کاروبار بند ہورہے ہیں اور عوام مہنگائی میں پس رہے ہیں۔بذریعہ موٹروے اسلام آباد جاتے ہوئے ویڈیو پیغام میں مریم نواز نے کہا یہ موٹروے ماشااﷲ نوازشریف نے بنائی۔پاکستان کا ذرہ ذرہ نوازشریف نے سجایا ہے ،نوازشریف نے اس ملک کو ایٹمی قوت بنایا۔قوم کی آسانی کیلئے ورلڈ کلاس سڑکیں بنا کر سفر آسان بنایا۔نوازشریف نے موٹرویز سے صوبوں کو آپس میں جوڑا۔بڑے افسوس سے کہنا پڑتا ہے قوم کے محسن کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے پھینکا ہوا ہے ۔نوازشریف کا جرم قوم کیلئے کھڑا ہونا اور عوام کے حق حکمرانی کا علم بلند کرنا ہے ۔3بار وزیراعظم رہنے والا شخص عوام کیلئے قید کی سزا بھگت رہا ہے ۔ لوگوں کیلئے آسانیاں کرنے والے نواز شریف کیلئے اﷲ آسانیاں کرے ا ور انہیں جلد عوام میں واپس لائے ۔ یاد رہے مریم نواز آج مولانا فضل الرحمن کی طرف سے بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس میں وفد کے ساتھ شرکت کریں گی۔