لاہور،اسلام آباد(نمائندہ خصوصی سے ،92نیوز رپورٹ) مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے نالائق وزیر اعظم مفروراور سارے مضامین میں فیل ہیں، بچے کو پتہ ہو کہ وہ سارے مضامین میں فیل ہے تو وہ رپورٹ کارڈ لینے نہیں آتا،ایک سالہ حکومتی کارکردگی رپورٹ جھوٹ اور ڈرامہ بازی کے علاوہ کچھ بھی نہیں،یہی بتا دیتے ایک سال کے دوران کتنے انڈے ، مرغیاں اور بکرے دئیے ؟، حکومت کی ایک سالہ کارکردگی کو بیان کرنے کے لئے کوئی وزیر موجود تھا؟،حکومتی کارکردگی منفی ہے تو نوازشریف، شاہد خاقان عباسی اور حمزہ شہبازجیل میں ہے ۔نیب اور ایف آئی اے پر آپ کا قبضہ ہے ، آپ نے شہباز شریف اور نوازشریف کے بغض میں ملک کو نقصان پہنچایا،ایک سال میں بھوک، مہنگائی اور بے روزگاری کا سونامی آیا،حکومت نے سات ہزار چھ سو ارب روپے کا ریکارڈ قرضہ لیا، حکومتی اخراجات میں 11سو ارب روپے کا اضافہ ہوا، یہ پیسہ کہاں گیا، منصوبے کہاں ہیں،مسلم لیگ ن حکومت کے جھوٹ کے خلاف وائٹ پیپر لے کر آئے گی۔حکومت کی جانب سے ایک سالہ رپورٹ پیش کرنے پر اپنے بیان اور میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہانالائق ، نااہل اور سلیکٹڈ حکومت اپنی تاریخی ناکامیوں اور عوام پر ظلم کی داستان بڑے فخر سے سْنائے گی ۔سلیکٹڈ ،نالائق اور نااہل وزیراعظم ایک بار پھر اتنا جھوٹ بولیں گے کہ اپنے اگلے پچھلے تمام قائم ریکارڈ توڑ دیں گے ۔عمران صاحب ایک سال کی بھوک ، مہنگائی اور بے روزگاری کے سونامی کی تفصیلات سے عوام کو آگاہ کریں،جھوٹ بولنے سے پہلے سوچ لینا عوام پاگل ہے نہ بیوقوف ،پھر عمران صاحب اپنی ناکامیوں اور نالائقی کو پچھلی حکومتوں پہ ڈالنے اور چور چور ڈاکو ڈاکو کا چورن بیچیں گے ،عمران صاحب بتائیں گے کہ ایک سال میں پاکستان خطے کا دوسرا مہنگا ترین ملک بن گیا، ترقی کی شرح آدھی اور مہنگائی تین گْنا بڑھ گئی، گیس کے نرخوں میں دو سو فیصد اور بجلی کی قیمت میں ۵۳ فیصد اضافہ کیا،بیرونِ ملک سے سرمایہ کاری آدھی اور سود کی شرح 5.25فیصد سے 13.75فیصد ہو گئی،پشاور میٹرو کے کھڈوں کی قیمت ایک کھرب تک پہنچ گئی ،سٹاک اِیکسچینج میں 32فیصد کمی اور روپے کی قدر میں 33 فیصد تاریخی کمی ہوئی ، ایک تولہ سونا 34050 روپے سے 88400 روپے ہو گیا، ایک سال میں کتنے ارب ڈالر منی لانڈرنگ کے واپس آئے ؟، وزیر اعظم ہاؤس میں یونیورسٹی بننی تھی اس میں کتنے طلبا نے داخلہ لیا،عوام کو گھر اور ایک کروڑ نوکریاں دینے کے کام کا کیا بنا؟، نوکری آئی ایم ایف کی ٹیم کو ملی،گھر ریگولرائرز ہوا تو وہ بنی گالہ کا محل تھا۔پورے سال میں ایک ہسپتال، ایک یونیورسٹی، ایک کلو میٹر کی سڑک، ایک میگا واٹ بجلی نہیں بنی۔مصدق ملک نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کے ایک سال میں ادویات 400 فیصد مہنگی ہو گئیں،صنعتیں لگ رہی ہیں نہ سرمایہ کاری ہو رہی ہے ۔یہ ہے مدینہ کی ریاست،پندرہ روپے کی روٹی اور بیس روپے کا نان ہوچکا،تمام اپوزیشن کو بند کر دیا تاکہ تنقید نہ کی جاسکے ۔مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہا خیبر پختوانخوا بلین ٹری منصوبے کا پول عالمی میڈیا نے کھول دیااب پنجاب میں بھی بلین ٹری منصوبہ نئے سکینڈل کی بنیاد رکھنے جا رہا ہے ۔