ممتاز مزاحیہ شاعر‘ ڈرامہ نگار اور ٹیلی ویژن کے نامور اداکار اطہر شاہ خان جیدی کا اتوار کے روز 77برس کی عمر میں انتقال ہو گیا‘ وہ طویل عرصہ سیعلیل تھے۔ وہ اعلیٰ تعلیم یافتہ فنکار تھے، صحافت میں ایم اے تھے۔ انہیں 2001ء میں تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا گیا جبکہ صدارتی ایوارڈ یافتہ فنکار تھے‘ ٹی وی کی طرف سے بھی انہیں گولڈ مڈل عطا کیا گیا تھا۔ اطہر شاہ خان عرف جیدی کی وفات سے ٹی وی ڈرامہ کے عروج کے دور کی تاریخ کا ایک باب بند ہو گیاہے۔ ان کا شمار ٹی وی کے سنہرے دور کے فنکاروں میں کیا جاتا تھا۔ ڈرامہ سیریل’’انتظار فرمائیے‘‘ ایک ایسی ہی سیریل تھی جس نے انہیں جیدی کے طور پر شہرت کی بلندیوں تک پہنچا دیا‘ ہیلو ہیلو‘ جانے دو‘ برگر فیملی‘ آشیانہ‘ آبا حیات ‘ جیدی ان ٹربل‘ باادب با ملاحظہ‘ ہوشیار جیسی سیریلز نے ان کا نام مزاحیہ ڈرامہ نگاری اور اداکاری میں امر کر دیا۔ اطہر خان جیدی اردو مزاحیہ ڈرامہ اور مزاحیہ شاعری کی تاریخ میں ایک ایسی طرز کے موجد تھے جس کے وہ خود ہی خالق اور خود ہی خاتم تھے ۔ ان کی وفات شائستہ مزاح کے ایک عہد کا خاتمہ ہے۔ ان جیسے کرداروں کی فن کی دنیا سے رخصتی ہمیں یہ احساس دلاتی ہے کہ تہذیبی شائستگی اور ثقافت کی رنگا رنگی میں ہم کتنے تہی دامن ہوتے جا رہے ہیں۔ اطہر شاہ خان کو مزاحیہ شاعری اور ریڈیو فنکار کے طور پر بھی ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اللہ ان کی مغفرت فرمائے۔