کراچی،اسلام آباد،لاہور،پشاور (سٹاف رپورٹر، خبر نگار خصوصی،سپیشل رپورٹر، 92نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں)معروف سماجی کارکن عبدالستار ایدھی کی بیوہ اور نامور سماجی شخصیت بلقیس ایدھی شدید علالت کے بعد کراچی کے ایک نجی ہسپتال میں 74 برس کی عمرمیں انتقال کر گئیں، وہ ایک ماہ سے زیر علاج تھیں۔رمضان المبارک سے دو دن قبل بلقیس ایدھی کو دول کا دورہ پڑا تھا۔طبیعت بگڑنے پر انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکیں۔ترجمان ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق بلقیس ایدھی عارضہ قلب اور دیگر امراض میں مبتلا تھیں۔پاکستان کی سب سے بڑی سماجی تنظیم کے سربراہ عبدالستار ایدھی کے انتقال کے بعد بلقیس ایدھی فاؤنڈیشن کی چیئرپرسن بنی تھیں۔ایدھی فائونڈیشن کو بنانے میں بلقیس ایدھی نے اپنے شوہر عبدالستار ایدھی کا بھرپور ساتھ دیاتھا۔بلقیس ایدھی 14 اگست 1947 کو بھارتی ریاست گجرات کے ضلع جونا گڑھ کے تعلقہ بانٹوا میں پیداہوئیں اورفیملی کیساتھ ہجرت کرکے کراچی آبسیں۔ سولہ برس کی عمر میں نرسنگ کی تربیت حاصل کی اور نرسنگ سکول میں دو برس خدمات انجام دیں۔عبدالستار ایدھی سے انکی شادی 1966 میں ہوئی اور 50 سالہ رفاقت 2016ء میں ایدھی کے انتقال تک جاری رہی۔حکومت پاکستان نے بلقیس ایدھی کو شاندار سماجی خدمات پر ہلال امتیاز کے اعزاز سے نوازا ، انہیں روسی حکومت کی طرف سے لینن پیس پرائز بھی ملا جبکہ بھارت کی جانب سے دوہزار پندرہ میں مدر ٹریسا ایوارڈ سے نوازا گیا ۔انہوں نے سوگواروں میں فیصل ایدھی، کبریٰ ایدھی، کتب ایدھی اور الماس ایدھی کو چھوڑا ہے ۔ بلقیس ایدھی کے انتقال کی تصدیق انکے بیٹے فیصل ایدھی نے کی کہ پیاری امی جان دنیا میں نہیں رہیں، نماز جنازہ آج میمن مسجد کراچی میں بعد نماز ظہر ادا کی جائیگی اور تدفین وصیت کے مطابق میوہ شاہ قبرستان میں ہوگی۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی،وزیر اعظم شہباز شریف،نواز شریف، مریم نواز، عمران خان،شاہ محمود قریشی ، آصف زرداری، بلاول بھٹو،آصفہ بھٹو،وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار ،وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ،وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدا لقدوس بزنجو ،وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان ، ڈاکٹر طاہر القادری، فیصل سبزواری، خالد مقبول، آفاق احمد، عمران اسماعیل، مصطفیٰ کمال، نیئر بخاری، سراج الحق ،لیاقت بلوچ، فرید پراچہ، راشد نسیم، اسد اللہ بھٹو، امیر العظیم، قیصر شریف کرکٹر شاداب خان اور دیگرنے بلقیس ایدھی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا،مرحومہ کی مغفرت و درجات کی بلندی اور سوگواران کو صبر جمیل کیلئے دعا کی اور کہا کہ بلقیس ایدھی کی انسانیت کی فلاح و بہود کیلئے خدمات کو تادیر یاد رکھا جائیگا۔