مظفرآباد(صباح نیوز)آزادجموں وکشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج ایک قاتل فوج بن چکی ہے ۔سوشل میڈیا پر چلنے والی تصویر جس میں نواسہ اپنے نانا کی لاش کے پاس بیٹھا ہوا ہے جسے بھارتی فوج نے فائرنگ کر کے شہید کیا نے میرا دل چیر کر رکھ دیا ۔ گزشتہ روزوزیراعظم فاروق حیدرنے اپنے بیان میں کہا کہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور اداروں سے کہتا ہوں کہ وہ کشمیریوں کے خلاف بھارت کی فوج کی انسانیت سوز کارروائیوں کا نوٹس لیں۔امریکہ،روس،فرانس،برطانیہ،جرمنی سمیت یورپی ممالک کشمیریوں کی آواز کو سنیں۔انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت ہزاروں کی تعداد میں غیر کشمیریوں کو ڈومیسائل جاری کر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی مسلسل اور کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہی ہے ۔دریں اثناوزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان نے گزشتہ روز کشمیر ہسٹری میوزیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا، منصوبے پر 23.958ملین روپے کی لاگت آئے گی ۔ اس منصوبے کے تحت آزاد کشمیر کے ثقافتی ورثے کو محفوظ بنایا جائیگا ۔اس موقع پر تقریب سے خطاب میں راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ لداخ کشمیر کا حصہ ہے ،میں اپنے جموں کے بھائیوں اور لداخ کے بھائیوں سے کہتا ہوں کہ اس کشمیریت کو قائم رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی میں بھی ہندوستان ملوث ہے ۔