اسلام آباد؍ لاہور(سپیشل رپورٹر؍خصوصی نیوز رپورٹر؍نیوز رپورٹر ) وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر پارٹی ترجمانوں کو ہدایت کی ہے کہ اپوزیشن کو ٹف ٹائم دیں اور اپوزیشن رہنماؤں کے کریشن کیسز اجاگر کریں، پی ڈی ایم فارغ ہوچکی، اپنی موت آپ مررہی ہے ۔ذرائع کے مطابق پیر کو وزیر اعظم عمران خان کے زیر صدارت پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سینٹ انتخابات میں اپوزیشن کو بھرپور جواب دیا جائے گا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے پارٹی ترجمانوں کو اپوزیشن کو ٹف ٹائم دینے کی ہدایت کی اورکہا کہ حکومت کو پی ڈی ایم سے کوئی خطرہ نہیں، اپوزیشن کی پوری تحریک این آر او کے لئے ہے جو نہیں دوں گا۔وزیراعظم نے اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کو ہر فورم پر جواب دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے ترجمانوں کو اپوزیشن رہنماؤں کے کریشن کیسز اجاگر کرنے کا ٹاسک دیدیا۔ وزیراعظم نے کہا کوئی بھی معاشرہ احتساب کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتا، احتساب کاعمل جاری رہے گا۔وزیراعظم نے ترجمانوں کو معاشی کامیابیاں اجاگر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کمزور معیشت کو درست ٹریک پر لگا دیا، تمام معاشی اشاریے درست سمت میں ہیں،نئے سال میں کارکردگی مزید بہتر کرنے پر توجہ ہوگی۔انہوں نے کہا اپوزیشن کا احتساب شروع ہواتو سب اکٹھے ہو گئے ، ماضی کی حکومتیں قومی خزانے کو لوٹتی رہیں۔علاوہ ازیں وزیراعظم نے ایک ٹویٹ میں کہا کرپٹ حکمرانوں کا 10 سالہ اقتدار ایک سیاہ دور تھا، ریاستی اداروں کو سیاسی مداخلت کے بغیر آزادانہ طور پر کام کرنے دیا جائے تو اس کے نتائج واضح طور پر نظر آتے ہیں۔ عمران خان نے بتایا کہ نیب نے سال 20۔2019 میں 389 ارب روپے کی ریکوریاں کیں جبکہ 2008 تا 2018 کے 10 سال کے دوران یہ ریکوریاں صرف 104 ارب روپے تھیں۔ وزیراعظم نے بتایا کہ پنجاب میں اینٹی کرپشن کے محکمہ نے 27 ماہ کے دوران 206 ارب روپے ریکور کئے جبکہ کرپٹ حکمرانوں کے 10 سالہ دور میں یہ ریکوری صرف 3ارب تھی۔ وزیراعظم نے کہا ان اعداد و شمار اور حقائق سے یہ بات واضح ہو جاتی ہے جب ریاستی ادارے سیاسی مداخلت کے بغیر آزادانہ طور پر کام کریں تو قوم کو اس کے ثمرات ملتے ہیں، ان اعداد و شمار سے یہ بھی واضح ہو جاتا ہے کہ ملک میں ادارے آزادانہ طور پر کام کر رہے ہیں اور احتساب کا عمل جاری ہے ۔مزیدبرآں وزیراعظم سے وزیر دفاع پرویز خٹک نے ملاقات کی جس میں خطہ میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عمران خان سے مشیر برائے پارلیمانی امور ظہیر الدین بابر اعوان نے بھی ملاقات کی اور ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز بھی وزیراعظم سے ملے ۔وزیر اعظم نے وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد سے ملاقات میں کہا کہ سستی بنیادی صحت کی سہولیات کی ہر شہری تک رسائی حکومت کی اولین ترجیح ہے ، حکومت سرکاری ہسپتالوں میں نظام کی بہتری کے ساتھ ساتھ نجی ہسپتالوں کو سستی زمین فراہم کرکے اس بات کو یقینی بنانے جا رہی ہے کہ غریب گھرانوں میں بیماری کی صورت میں وسائل کی عدم دستیابی پر کوئی علاج سے محروم نہ رہے ۔یاسمین راشد نے وزیرِ اعظم کو پورے پنجاب کے دو کروڑ بائیس لاکھ خاندانوں کو ہیلتھ کارڈ کے اجراء پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔