لاہور(خصوصی نمائندہ)گور نر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ نیب گر فتاریوں سے حکومت کا کوئی تعلق ہے اور نہ ہی یہ سیاسی انتقام ہے ،اپوزیشن کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کا سوچ بھی نہیں سکتے ، اپوزیشن احتساب کو انتقام کا نام دے کر احتسابی عمل کو روک نہیں سکتی،ملک میں عدلیہ اور نیب سمیت تمام ادارے آزاد ہیں اگر کوئی سمجھتا ہے کہ وہ بے گناہ ہے تو نیب اور عدالتوں میں ثبوت دے ،عدالتیں جو بھی فیصلہ دیں گی ان پر مکمل عملددرآمد کیا جائے گا،ہم پہلے دن سے شفاف اور بلا تفر یق احتساب کی بات کرتے ہیں،وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت معیشت سمیت تمام شعبوں میں مثالی اقدامات سے نیا پاکستان بنائے گی۔ گور نر ہاؤس میں تحر یک انصاف کے ایم این ایز طاہر اقبال،میاں عبد الغفار وٹو،رخسانہ نوید اور دیگر سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے گور نر پنجاب چودھری سرور نے کہا کہ تحر یک انصاف کی حکومت پاکستان کی پہلی حکومت ہے جو کسی بھی ادارے کے معاملات میں مداخلت نہیں کر رہی بلکہ تمام اداروں کو مضبوط بنا رہے ہیں اور سیاسی مداخلت سے مکمل طور پر پاک کر رہے ہیں۔