لاہور،ملتان،بہاولپور(سپیشل رپورٹر،نمائندہ 92 نیوز،92نیوزرپورٹ)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ مخالفین 2023تک انتظار کریں۔عوام کی بے لوث خدمت میرا مشن ہے اور میں اپنے مشن کی تکمیل کے لئے آخری حد تک جاؤں گا ۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی کارکردگی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے عوامی مسائل فوری حل نہ کرنے اورفلاح عامہ کے منصوبوں میں تاخیر پر متعلقہ حکام کی سخت سرزنش کی اورمحکموں کے سیکرٹریزکو کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ مقامی ایم این اے کے بیٹے کی شادی میں شرکت کیلئے ملتان گئے اور جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے مختلف محکموں کے تعینات سیکرٹریزکے اجلاس کی صدارت بھی کی۔انہوں نے اپنی ہدایات میں کہا ہے کہ متعلقہ سیکرٹریز عوامی مسائل فوری حل کرنے کیلئے موثر اقدامات اٹھائیں۔محکموں کو اب کام کر کے دکھانا ہو گا، سست روی بالکل برداشت نہیں۔کوتاہی پر ذمہ داروں کا تعین کر کے سخت کارروائی کی جائے گی۔عوام کی توقعات کے مطابق ڈلیورنہ کرنے والے افسر کوعہدے پر رہنے کا کوئی حق نہیں،جونتائج نہیں دے گا وہ پنجاب میں نہیں رہے گا۔دیانتدار اورفرض شناس افسران کی حوصلہ افزائی جاری رکھیں گے ۔منصوبوں میں بلا جواز تاخیر کسی بھی قیمت پر قابل قبول نہیں۔منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے افسران دفاتر سے باہر نکلیں اور فیلڈ میں جا کر خود جائزہ لیں ۔دریں اثنا وزیراعلیٰ تونسہ پہنچ گئے ، تحصیل ہیڈکوارٹرہسپتال کادورہ کیااورمریضوں کوادویات نہ ملنے پربرہمی کا اظہار کیا،وزیراعلیٰ نے ناقص کارکردگی پرایم ایس ٹی ایچ کیوہسپتال کومعطل کردیا۔ علاوہ ازیں انہوں نے خواتین کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ خواتین کی عزت و احترام ہماری سماجی، معاشرتی اور مذہبی اقدار کا حصہ ہے ۔ خواتین کو جو حقوق دین اسلام میں دیئے گئے ، مغرب اس کا تصور بھی نہیں کرسکتا۔ اللہ تعالیٰ نے ماں، بیٹی اور بہن جیسے عظیم اور خوبصورت رشتوں کا امین بنا کر عورت کو تقدس و احترام دیا ہے ۔وزیراعلیٰ نجی دورہ پر خصوصی طیارے کے ذریعے ملتان ایئرپورٹ پہنچے ۔اپنی رہائش گاہ پر قیام کیا ۔ شادی میں شرکت کے بعد واپس لاہورآجائیں گے ۔دریں اثنا وزیر اعلیٰ نے راولپنڈی کے تھانہ سول لائنز کی حددو میں فائرنگ سے شہید ایس ایچ او انسپکٹر عمران عباس کو خراج عقیدت پیش کیااور لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ۔وزیراعلیٰ نے فائرنگ کے واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ۔