ابوجا( ویب ڈیسک) نائیجیریا کے دارلحکومت ابوجا کے ایک علاقے میں سڑک کے بیچوں بیچ نظر آنے والی جہاز جیسی شہ اصل میں طیارہ نہیں بلکہ ایک گھر ہے جو ایک شخص نے اپنی اہلیہ کی خواہش پوری کرنے کے لیے تعمیر کرایا۔ رپورٹ کے مطابق سید جمال نامی شخص نے یہ گھر اپنے 6 بچوں اور اہلیہ لیزا کے لیے تعمیر کیا جسے گھومنے پھرنے کا بے حد شوق ہے ۔تعمیراتی صنعت سے وابستہ سید جمال نے اس تین منزلہ مکان کی تعمیر کا کام 1999 میں شروع کیا تھا۔ ان کے مطابق یہ اصل طیارہ نہیں بلکہ ہوائی جہاز کی طرح بنانے کے لیے سیمنٹ سے اس کا ڈھانچہ تیار کیا گیا جبکہ مکمل ہونے کے بعد اس پر نائیجیریا کے قومی پرچم کی طرح سبز اور سفید رنگ سے ڈیزائننگ کی گئی۔ اس مکان میں مہمانوں کے لیے کمرے ، مسجد، سوئمنگ پول، کئی درختوں کا حامل باغ اور گاڑیاں کھڑی کرنے کی جگہ شامل ہے ۔ مکان کے اندر کئی کمرے موجود ہیں، جن میں بیڈ روم اور لونگ رومز شامل ہیں جبکہ سید جمال نے گھر میں اپنے لیے ایک دفتر بھی تعمیر کیا ہے ۔ سید جمال کے بیٹے محمد جمال نے بتایا کہ وہ 12 سال کے تھے جب ان کے والد نے اس گھر کی تعمیر کا آغاز کیا۔ ویسے اس گھر کو مکمل ہونے میں 11 سال لگے تاہم آج تک اس گھر میں کام جاری ہے ۔