اسلام آباد(سہیل اقبال بھٹی)وفاقی حکومت نے نجی ایئرلائن ایئرسیال کو مقررہ مدت میں فضائی آپریشن شروع نہ کرنے پر 5کروڑ روپے سے زائد جرمانہ معاف اور لائسنس منسوخ نہ کرنے کی منظوری دیدی ۔ ائیرسیال کی جمع شدہ سکیورٹی ڈیپازٹ سے 10فیصد کٹوتی ہونا تھی ، یہ کٹوتی دوسری مرتبہ معاف کی گئی ہے ۔ایئرسیال کو نیا لائسنس حاصل کرنے کی شرط سے بھی چھوٹ دیدی گئی ۔آر پی ٹی لائسنس حاصل کرنے کے دو سال کے اندر آپریشن لازم تھا۔وفاقی حکومت نے ایئر سیال کے لائسنس میں تجدید کی منظوری بھی دیدی ہے ۔ ا یئرسیال نے سیالکوٹ سے آپریشن شروع کرنے کیلئے عالمی کمپنی سے 3 طیارے لیز پر حاصل کرلئے ہیں۔92 نیوز کوموصول سرکاری دستاویز کے مطابق ایو ی ایشن ڈویژن نے کابینہ کو آگاہ کیا کہ ائیر سیال کے ریگولر پبلک ٹرانسپورٹ لائسنس کی5ستمبر2019ئسے تجدید کیلئے درخواست دی گئی ہے ۔ائیر سیال کو یہ لائسنس 2017ئمیں جاری کیا گیا تھا تاہم دو سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود کمپنی ائیرآپریٹر سرٹیفکیٹ حاصل کرنے میں ناکام رہی تھی۔نیشنل ایو ی ایشن پالیسی2019ئکے پیرا 4.3.1کے مطابق لائسنس حاصل کرنے کے دو سال کے اندر ائیر آپریٹر سرٹیفکیٹ حاصل کرنے میں ناکا می پر سکیورٹی ڈیپازٹ کا 10فیصدلیوی نان کنفرمنس چارج جاری کیا جائے گا۔سول ایو ی ایشن اتھارٹی نے آگاہ کیا گیا کہ کمپنی نے طیاروں سمیت تمام ضروریات کو پورا کرنے کیلئے اہم اقدامات کئیے ہیں اور اس حوالے سے ائیر کیپ آئرلینڈ لمیٹڈکے ساتھ لیٹر آف انٹینٹ بھی مکمل کر لیا ہے ۔کمپنی نے ایئر کیپ آئرلینڈ لمیٹڈکی جانب سے تینA320 طیاروں کی لیزپر فراہمی کے حوالے تصدیق شدہ خط کی نقول بھی فراہم کیں۔ طیارے اپریل یا مئی میں مہیا کیے جا ئینگے ۔30کروڑ روپے کی ضرورت کے خلاف کمپنی کا ادا شدہ سرمایہ 2ارب20کروڑ ہے جس میں 60کروڑ روپے کا اضافہ کیا جا ئیگا۔کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں سیالکوٹ کے کاروباری افراد شامل ہیں۔کمپنی کے موجودہ ملازمین کی تعداد46 جبکہ 654کی بھرتی جاری ہے ۔