اسلام آباد (سپیشل رپورٹر؍مانیٹرنگ ڈیسک )وزیر اعظم عمران خان نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ حضور ﷺ کا فرمان ہے کہ ناانصافیوں کی وجہ سے کئی قومیں تباہ ہوئیں،تباہ ہونے والی اقوام میں طاقتور اور کمزور کیلئے الگ الگ قانون تھے ۔ایک اور ٹویٹ میں وزیر اعظم نے مرکزی اور صوبائی منتخب نمائندوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غریبوں اور بے سہارا افراد کیلئے قائم پناہ گاہوں کے دورے کریں اور ان کیساتھ وقت گزاریں۔انہوں نے کہا وہ اگلے ماہ سے غربت کے خاتمہ کیلئے حکو متی اقدامات کی بذات خود مانیٹرنگ کریں گے ۔وزیراعظم نے کہا ہے کہ پاکستانی ایف 16 طیارہ گرانے کا بھارتی دعویٰ بھی بے نقاب ہوگیا، امریکی دفاعی حکام نے تصدیق کی ہے کہ پاکستانی فضائی بیڑے میں کوئی ایف16 کم نہیں ہوا۔انہوں نے کہاکہ جنگی جنون کے ذریعہ انتخابات جیتنے کی بھارتی جنتا پارٹی کی کوشش الٹی پڑ گئی،فتح ہمیشہ سچ کی ہوتی ہے اور یہی بہترین پالیسی ہے ۔عمران خان نے نجی ٹی وی کے اینکر سے گفتگو کرتے ہوئے اپنی ازدواجی زندگی کے متعلق افواہوں کی سختی سے تردید کی ہے اور کہا ہے کہ میرے اور اہلیہ کے درمیان اختلافات کے حوالے سے بے بنیاد افواہیں پھیلائی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا اہلیہ میرے لئے خدا کی نعمت ہے ، جب تک زندگی ہے ،ساتھ رہیں گے ۔