پنجاب کے مختلف علاقے قریباً ایک ماہ سے رات گئے اور علی الصبح شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں جس کی وجہ سے کئی حادثات ہو چکے ہیں۔ ان میں کئی جانیں جا چکی ہیں ۔ شدید دھند کی وجہ سے رات گئے اور علی الصبح چند قدموں کا فاصلہ بھی واضح اور صاف طور پر نظر نہیں آتا، بدھ کے روز بھی مانگا منڈی کے پاس ملتان روڈ پر دھند کے باعث متعدد گاڑیاں ایک دوسرے سے ٹکرا گئیں جن میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ دھند کی موجودہ صورتحال کا تقاضا ہے کہ رات گئے اور علی الصبح شدید دھند کے اوقات میں گاڑیوں کو سڑکوں پر لانے اور سفر سے گریز کیا جائے۔ پنجاب میں ہر سال شدید سردی میں لوگوں کو شدید دھند اور سموگ اور سردی کم ہونے پر رات اور صبح کے اوقات میں شدید دھند کا سامنا رہتا ہے لیکن ایسے موسم میں سفر کے دوران جس احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے وہ نہیں کی جاتی ،جس کی وجہ سے حادثات رونما ہوتے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ رات گئے اور علی الصبح شدید دھند میں گاڑیوں کو سڑکوں پر لانے اور سفر کرنے سے اجتناب کیا جائے۔ محکمہ موسمیات کو بھی چاہیے کہ وہ موسم کے حوالے سے میڈیا کے ذریعے لوگوں کو رہنمائی فراہم کرے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جمعہ کے روز تک پنجاب کے میدانی علاقوں میں صبح اور رات دھند چھائے رہنے کا امکان ہے، لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ دھند کے دوران سفر کرنے سے گریز کیا جا ئے تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔