سرینگر (این این آئی)مقبوضہ کشمیر میں پابندیوں کے 127ویں روز بھی نظام زندگی مفلوج رہا ، سٹوڈنٹس اینڈ یوتھ فورم نے ’’بھارت کشمیرچھوڑدے ‘‘تحریک کا آغازکردیا ہے اوراس سلسلے میں مقبوضہ کشمیر کے طول وعرض میں آزادی کے حق میں بینرز اورپوسٹرز لگائے گئے ہیں۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق فورم نے مظلوم کشمیریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بھارتی تسلط سے آزادی کے لیے اپنی مقدس جدوجہد میں ثابت قدم اور متحدرہیں۔ فورم کے کنوینر منظور بٹ نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ ہزاروں کشمیر ی شہداء کے مقدس لہوکے ساتھ کسی موقع پرست یاغدار کو سودا بازی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ کنٹرول لائن کے دونوں اطراف اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج انسانی حقوق کے عالمی دن کو یوم سیاہ کے طورپرمنائیں گے ، یہ دن منانے کی اپیل کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کی ہے ، وادی بھر میں مکمل ہڑتال کی جائے گی اور ا حتجاجی مظاہرے کئے جائینگے ، سیدعلی گیلانی نے ایک بیان میں کہاہے کہ عالمی برادی مسئلہ کشمیر حل کرائے ۔ ادھروادی کشمیر میں مسلسل 127ویں دن بھی فوجی محاصرہ اور انٹرنیٹ کی معطلی جاری رہنے کے باعث 24ہزار سے زائدکشمیری طلباء کو تعلیمی اداروں میں داخلہ لینے کی غرض سے آن لائن رجسٹریشن میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔جموں وکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے سینئر حریت رہنماء شبیر احمد شاہ کی تیزی سے گرتی ہوئی صحت پرشدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انکی رہائی کا مطالبہ کیا ہے ، کل جماعتی حریت کانفرنس کا ایک وفدسرینگر میں معروف حریت پسند رہنما شجاع عباس کے گھر گیا اور ان کے اچانک انتقال پر سوگوار خاندان سے اظہارتعزیت کیا۔