وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ایکسپو سنٹر میں ٹیوٹا کے زیر اہتمام پنجاب کے نوجوانوں کے لئے ’’وزیراعلیٰ ہنرمند نوجوان پروگرام‘‘ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے۔ ڈیڑھ ارب روپے کی خطیررقم سے ڈیڑھ لاکھ نوجوان مستفید ہوں گے۔پاکستان میں نوجوانوں کی تعداد تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ پاکستانی آبادی کا 64 فیصد 30 برس سے کم عمر نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ 55 فیصد نوجوان صوبہ پنجاب میں رہ رہے ہیں۔ ان پچپن فیصد نوجوانوں کے لئے ڈیڑھ ارب روپے کی رقم مختص کرنا اونٹ کے منہ میں زیرے کے برابر ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب جس دھرتی سے تعلق رکھتے ہیں وہاں پر تعلیم اور صحت سے متعلق محرومیاں ہیں۔ ڈی جی خان، راجن پور اور مظفرگڑھ کا شمار ہیومن انڈیکس میں سب سے نچلی سطح پر ہوتا ہے۔ حکومت صرف ڈیڑھ لاکھ طلبا کو ہنرمند بنانے کے اقدامات کر رہی ہے۔ لازمی طور پر باقی نوجوانوں کے دلوں میں احساس محرومی پیدا ہو گا۔ اس لئے فنڈز میں اضافے کی ضرورت ہے۔ اس کے علاوہ حکومت ان نوجوانوں کو مارکیٹ کے جدید تقاضوں کے مطابق ہنر سکھائے تاکہ یہ نوجوان آگے بڑھ کر اپنے پائوں پر کھڑے بھی ہو سکیں۔ ماضی میں بھی ایسے کافی کورسز شروع ہوئے تھے لیکن درمیان میں فنڈز کی کمی کے باعث وہ کورسز ادھورے رہ گئے ۔ اس لئے حکومت نے یہ کام شروع کیا ہے تو پھر اسے فنڈزکے اجرا کا تسلسل ٹوٹنا نہیں چاہئے تاکہ طلبا کے مستقبل کے خوبصورت خواب شرمندہ تعبیر ہو سکیں۔