مکرمی!میں آپ کے اخبار کے توسط سے حکام بالا کی تو جہ ایک انتہا ئی اہم مسئلہ کی جانب مبذول کروانا چاہتی ہوں۔ انٹرنیٹ کا زیادہ استعمال ہمارے معاشرے میں منفی رویوں اور مضر صحت سماجی سرگرمیوں کا باعث بن رہا ہے۔ہماری نوجوان نسل انٹرنیٹ، واٹس یپ ،فیس بک،ٹویٹر اور ٹک ٹاک استعمال کر کے اپنا قیمتی وقت ضائع کر رہی ہوتی ہے جس سے نوجوان لڑکے ،لڑکیوں کی تعلیم پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ انٹرنیٹ کے بیجا استعمال سے نوجوان طبقہ معاشرتی اور سماجی تعلقات کے فقدان کا شکار ہورہا ہے۔بعض لوگ انٹرنیٹ کے ذریعے غیر اخلاقی اور غیر قانونی فعل سرانجام دیتے ہیں۔دہشتگردی اورکرپشن کے بڑے بڑے گروہ انٹرنیٹ کے ذریعے اپنے مکردہ کارنامے سر انجام دے رہے ہوتے ہیں۔آج کل انٹرنیٹ لوگوں کو فائدہ کم اور نقصان زیادہ پہنچارہا ہے۔لہذا میری التماس ہے کہ قوم کو انٹرنیٹ کے بیجا استعمال سے روکاجائے اور ایسے پروگرام تشکیل دیے جائیں جس میں عوام کو انٹرنیٹ کے غلط استعمال کے بار ے میں سنگین نتائج سے آگاہ کیا جائے۔ (فرحین احمد خان المصطفیٰ کالونی نیو کراچی)