دبئی ( سپورٹس ڈیسک) مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میں انگلینڈ کے خلاف بہترین بائولنگ کا مظاہرہ کرنے والے پاکستانی پیسر محمد عباس انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ٹیسٹ بائولنگ رینکنگ میں ٹاپ 10 میں شامل ہوگئے ۔محمد عباس اب 769 رینکنگ پوائنٹس لیکر آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ کے ساتھ مشترکہ طور پر دسویں پوزیشن پر براجمان ہیں۔مانچسٹر ٹیسٹ میں 8 وکٹیں لینے والے لیگ سپنر یاسر شاہ تازہ ترین درجہ بندی میں 2 درجے ترقی کے ساتھ 22 ویں نمبر پر آگئے ہیں ۔پاکستان کے بابراعظم کی چھٹی پوزیشن برقرار ہے جب کہ سنچری میکر شان مسعود کی رینکنگ میں بہتری ہوئی ہے اور وہ 19ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ آسٹریلیا کے اسٹیواسمتھ بدستور پہلے نمبر پر ہیں جب کہ بھارتی کپتان ویرات کوہلی کی دوسری پوزیشن ہے ، مارنوس لانوشین بھی اپنا تیسرا نمبر برقرار رکھنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔آل راونڈرز کی رینکنگ میں پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میں زیادہ اچھی پرفارمنس نہ دکھانے کے باوجود انگلینڈ کے بین سٹوکس پہلی پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہے ہیں تاہم ٹاپ ٹین آل راونڈرز میں پاکستان کا کوئی کرکٹر شامل نہیں ہوسکا۔