لاہور(وقائع نگار) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبے میں نرسنگ کیڈر کی بہتری کیلئے متعدد اقدامات کی اصولی منظوری دیدی ۔ وزیراعلیٰ نے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نرسوں کے سروس سٹرکچرکو اپ گریڈ کرنے کی اصولی منظوری دی، نرسوں کی ترقی کے امور کوسٹریم لائن کرنے کا فیصلہ کیاگیا، نرسنگ شعبہ میں ایم فل اور پی ایچ ڈی کیلئے سکالرشپ دینے کی بھی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ نرسنگ سکولوں کو اپ گریڈ کرکے نرسنگ کالجوں کا درجہ دیا جا ئیگا ، نرسنگ کالجوں کے ساتھ ہاسٹل بھی بنائے جائیں گے تاکہ نرسوں کی رہائش کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل ہو سکے ،نرسوں کو سکالرشپ پر بیرون ملک بھجوائیں گے ، نرسنگ شعبہ کی بہتری ،نرسوں کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام کریں گے ، نرسوں کیلئے جلد بڑے پیکیج کا اعلان کرینگے ، وزیراعلیٰ نے کہاکہ پنجاب حکومت نے شعبہ صحت میں انقلابی اصلاحات کی ہیں ، 50لاکھ سے زائد صحت انصاف کارڈمستحق افراد میں تقسیم کرچکے ہیں، صحت انصاف کارڈکادائرہ کار مرحلہ وار مزید بڑھائیں گے ۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ صحت انصاف کارڈ سے مستفید ہو نیوالے افراد کو آگاہی دینے کیلئے بھرپور مہم چلائی جائے اور سوشل سکیورٹی ہسپتالوں کو بھی پینل میں شامل کرنے کا جائزہ لیا جائے ،پنجاب ہیلتھ اینشیٹو مینجمنٹ کمپنی کے بورڈکو جلد مکمل کیا جائے ۔وزیراعلیٰ نے کڈنی اینڈ لیورٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کیلئے بزنس پلان جلد تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر جتنی جلدی ہوسکے حتمی سفارشات پیش کرے اورادارے کو چلانے کیلئے تمام آپشن سامنے رکھ کر فیصلے کئے جائیں۔ سیکرٹری سپشلائزڈ ہیلتھ نے نرسنگ کیڈرکی بہتری کیلئے مجوزہ اقدامات، صحت انصاف کارڈ ،کڈنی اینڈ لیورٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ پر بریفنگ دی جبکہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر پنجاب حکومت نے شوگر فیکٹریز ترمیمی آرڈیننس جاری کر دیا ۔دریں اثنا وزیراعلیٰ کی ہدایت پر پنجاب حکومت نے اربوں روپے کی سرمایہ کاری کیلئے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے سیمنٹ فیکٹریز لگانے کیلئے مختلف محکموں کے این او سی کے اجرا کو آسان بنا دیا ہے اور مختلف محکموں میں فیکٹریاں لگانے کیلئے این او سی کے اجراء کو ٹائم لائن کے ساتھ منسلک کر دیا گیا ، غیر استعمال شدہ مائننگ لیز کے حوالے سے قواعدو ضوابط میں ضروری رد و بدل کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرمایہ کاروں کیلئے ہر طرح کی آسانیاں پیدا کرینگے ، این او سی جاری کرنے کے حوالے سے پراسیس کو مزید تیز کیا جائے اور سرمایہ کارو ں کی آسانی کیلئے قواعد و ضوابط کو سہل بنایا جائے ، کسی بھی محکمے میں این او سی کے اجراء میں تاخیر برداشت نہیں کروں گا۔ وزیراعلیٰ نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کی سربراہی میں سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی، کمیٹی این او سی کے اجرا کے حوالے سے تمام پراسیس کا جائزہ لے گی اور این او سی کے بروقت اجرا کو یقینی بنائے گی۔