لاہور(نامہ نگار) شہریوں سے نارواسلوک،گالم گلوچ،اختیارات سے تجاوز اور ناجائز چالان کرنے والے گھر جائیں گے ، کام چور وارڈنز کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کیخلاف کارروائی کی جائے ،پٹرولنگ نظام کو مزید موثر بنایا جائے ،ٹریفک ڈیوٹی کو ہمہ وقت الرٹ رکھا جائے ،بے جان کھڑے ہوکرڈیوٹی کرنے اور غلط چالان ڈائری بنانے والے بھی کسی رعائت کے مستحق نہیں،رانگ پارکنگ اور ون وے کیخلاف ورزی کرنیوالوں سے کوئی رعایت نہ برتی جائے ۔رانگ پارکنگ کا مطلب دیگر شہریوں کیلئے رکاوٹ بننا جبکہ ون وے ٹریفک کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ڈرائیونگ کرنا حادثات کا باعث بننا ہے ،ایسے افراد کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ،میٹنگ میں سیاہ پیپرز،جعلی نمبر پلیٹس اور نیلی بتی کا غیر قانونی استعمال کرنے والوں کیخلاف بھی سخت کارروائی کا حکم دیا گیا۔ان اقدامات کا فیصلہ ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کیلئے سی ٹی او آفس میں سی ٹی اوکیپٹن(ر)لیاقت علی ملک کی زیر صدارت منعقدمیٹنگ میں کیا گیا ۔میٹنگ میں ایس پی ٹریفک صدر ڈویژن محمودالحسن گیلانی،ایس پی ٹریفک سٹی ڈویژن حماد رضا قریشی،ڈی ایس پی گلبرگ منیر احمد،ڈی ایس پی عارف بٹ،ڈی ایس پی شہزاد خان سمیت تمام سرکل افسران نے شرکت کی۔