اسلام آباد؍ گلگت (سپیشل رپورٹر؍ این این آئی) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میں نے آصف زر داری اور نوازشریف پر اﷲ کا عذاب آتے دیکھا ہے جوہمارے لئے عبرت ہے ، پی ڈی ایم اپنی کرپشن بچانے کے لئے مہم چلا رہی۔بدھ کو وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر گلگت بلتستان پہنچے جہاں انہوں نے گلگت بلتستان کی نومنتخب کابینہ کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی۔ گورنر گلگت بلتستان نے نو منتخب کابینہ کے ارکان سے حلف لیا۔ کابینہ میں 12 وزیر اور 2 مشیر شامل ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے گلگت بلتستان کی کابینہ اور وزیراعلیٰ کو مبارک باد دی اور کہا کہ مجھے امید ہے کہ یہاں وہ منتخب حکومت آئے گی جو ایک نئی روایت پیدا کرے گی۔انہوں نے کہا میں اس علاقے کو جانتا ہوں اور اب ہم اسے جس رخ پر ڈالیں گے ، اس سے یہاں کے عوام کی زندگی بدل جائے گی۔انہوں نے کہا ہم سب سے پہلے عبوری صوبائی حیثیت پر کام کریں گے اور ایک کمیٹی بنائیں گے جو ایک ٹائم لائن پر کام کرے گی۔انہوں نے کہا دنیا کے کامیاب سسٹم میں لوگوں کے پاس اپنی زندگی کے فیصلے کرنے کا اختیار ہوتا ہے اور کوئی باہر سے آ کر انہیں بتا نہیں سکتا، آپ لوگوں کو بہتر پتہ ہے کہ آپ کو کس طرح کی ترقی چاہئے ، ہم اسلام آباد سے آپ کو نہیں بتا سکتے ۔انہوں نے کہا ہم جب مدینہ کی ریاست کی بات کرتے ہیں تو اس میں سب سے اہم چیز یہ ہے کہ کیسے کمزور طبقے کو اوپر اٹھانا ہے ۔انہوں نے کہا ہم سارے گلگت بلتستان کے لوگوں کے لئے ہیلتھ کارڈ اور ہیلتھ انشورنس لے کر آ رہے ہیں، 10 لاکھ ایک گھر کے لئے ہو گا جس کی بدولت وہ کسی بھی ہسپتال میں جا کر علاج کرا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہامیری آسٹریا کی ایک کمپنی سے ملاقات ہوئی ہے ،ہم نے ان سے بات کی ہے کہ آہستہ آہستہ یہاں سکینگ کے علاقے تیار کئے جائیں۔انہوں نے کہا ہم نے سکردو کا 250 بستروں کا ہسپتال شروع کیا ہوا ہے اور وہ کل شروع ہو جائے گا۔وزیر اعظم نے کہا یہاں پانی سے بجلی بنانے کی بڑی جگہیں ہیں، تو ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ اگر ہم 300میگا واٹ بجلی بنائیں تو یہاں سارے گلگت بلتستان کے لئے ضرورت سے زیادہ بجلی ہو جائے گی جس کے لئے دو ہائیڈرو پاور سٹیشن بن رہے ہیں، دو کی تیاری ہو رہی ہے اور دو کی ہم نے منظوری دے دی ہے ۔وزیراعظم نے نواشریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو کیا پتا تھا پانامہ سے ان کے محلات سامنے آ جائیں گے ، چوری چھپتی نہیں ، ایک جھوٹ کو چھپانے کے لئے 100 جھوٹ بولنے پڑتے ہیں، اس پیسے کا کیا فائدہ جو آپ کا اور آپ کی اولاد کی تباہی کرتا ہے ۔وزیر اعظم نے مسلم لیگ(ن) اور پیپلز پارٹی کی قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ میں نواز شریف اور آصف زرداری کو 40سال سے جانتا ہوں، میں نے ان پر اﷲ کا عذاب آتے دیکھا ہے جو ہمارے لئے عبرت ہے ،اپنی زندگی میں دیکھا کہ ان کی کیا حالت ہوئی، کبھی جیل جا رہے ہیں، کبھی باہر آ رہے ہیں، کبھی جھوٹ بول کر لندن، کبھی سعودی عرب جا رہے ہیں، سب چوری کا پیسہ بچانے کے لئے ہے ۔انہوں نے کہا پوری پی ڈی ایم مہم چلا رہی ہے ، یہ کرپشن بچانے کے لئے جلسے کررہے ہیں ،کورونا سے لوگ مررہے ہیں، بیماریاں بڑھتی جا رہی ہیں، ہر روز اموات بڑھ رہی ہیں اور کل ڈھائی مہینے کے بعد ہمارے سب سے زیادہ 70لوگ مرے ہیں لیکن وہ جلسے کررہے ہیں حالانکہ انہیں پتہ ہے کہ جب لوگ جمع ہوتے ہیں تو کورونا پھیلتا ہے ۔انہوں نے کہا ساری بیماریاں سٹریس سے ہوتی ہیں اور اگر آپ نے سٹریس دیکھنا تھا تو کل سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کا انٹرویو دیکھ لیتے ، اس کی شکل دیکھیں، اگر وہ کہہ رہا ہے کہ مجھے کوئی مسئلہ نہیں ہے تو بھی اسے دل کا مسئلہ ہو جانا تھا، جھوٹ پر جھوٹ بولے جا رہا ہے ، ساری دنیا دیکھ رہی ہے ۔انہوں نے کہا لیڈرمیں دو خصوصیات صادق اور امین ہونا بہت ضروری ہے ۔علاوہ ازیں وزیراعظم نے گلگت بلتستان میں بلندترین نیشنل پارکس،نیچر کوریڈور کاافتتاح اور ہمالیہ نیشنل پارک اور نانگاپربت نیشنل پارک بنانے کااعلان کردیا۔وزیراعظم نے گلگت بلتستان کی پہلی نیشنل پارکس سروس کے قیام کی منظوری بھی دے دی۔مزیدبرآں وزیر اعظم نے معاون خصوصی امین اسلم سے ملاقات میں بلین ٹری منصوبے سے متعلق تمام تفصیلات عدالت کو فراہم کرنے کی ہدایت کردی اورکہاسپریم کورٹ کوبلین ٹری کے تمام منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا جائے ،اعلیٰ عدلیہ کو نئی نسل کی فکر ہے ،جو انتہائی خوش آئند ہے ، عدالت عظمیٰ کی ہدایات کی روشنی میں بلین ٹری منصوبہ زیادہ بہترہوگا۔امین اسلم نے وزیراعظم کو جی بی میں نئے منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔