اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) جے یوآئی( ف) کے مرکزی ترجمان حافظ حسین احمد نے کہاہے کہ’’ مائنس ون نہیں بلکہ اب مائنس آل ہوگا،کیونکہ پورا کچرا صاف کئے بغیر کام نہیں چلے گا۔گزشتہ روزیہاں میڈیاسے گفتگومیں حافظ حسین نے کہا کہ وزیر اعظم عمران احمد نیازی نے جہاد کشمیر کے خلاف بیان دیکر امریکہ کو خوش کیا ،ایسے بیان کو امریکہ نے سراہا اور شاباش دی۔انہوں نے کہا کہ مدارس کوقومی دھارے میں لانے والے سرکاری تعلیمی اداروں کو بھی اسلامی دھارے میں لے آئیں۔انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اقوام متحدہ کشمیر پر ثالثی کی آڑ میں نیا کھیل کھیلنے کے بجائے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرائیں،عمران احمد نیازی جتنی بار امریکہ حاضری دیں گے اتنا وہ امریکی فریب کی دلدل میں دھنستے جائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ 2امریکی دوروں سے چین جیسے مخلص دوست سے دوری اور سی پیک کے عظیم منصوبے کو پیک کردیا گیا۔انہوں نے کہاکہ حکمرانوں نے آئی ایم ایف کے کارندوں کے ہاتھوں پاکستان کی معیشت اور خزانے کو تباہ کردیا ہے ۔