کابل ،اسلام آباد(92 نیوزرپورٹ ،این این آئی،صباح نیوز )مشرقی افغانستان کے شہر جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانے کے قریب بھگدڑ کے واقعہ میں خواتین سمیت 15 افغان شہری جاں بحق ،12 زخمی ہو گئے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بتایا گیا ہے کہ ہزاروں افغان شہری پاکستانی ویزے کے حصول کے لیے صوبہ ننگرہارکے شہرجلال آباد میں واقع پاکستانی قونصل خانے کے قریب ایک سٹیڈیم میں موجود تھے کہ اچانک وہاں بھگدڑ مچ گئی ۔ صوبائی کونسل کے رکن سہراب قادری نے بتایا کہ اس واقعے میں دیگر گیارہ خواتین اور معمر شہری زخمی بھی ہوئے ۔ بتایا گیا کہ قریب تین ہزار افغان پاکستانی ویزے کے لیے درکار ٹوکن کے حصول کے لیے یہاں جمع تھے ۔ افغان حکام کے مطابق یہ تمام افراد پاکستانی ویزے کے لیے لازم ٹوکن حاصل کرنے کے لیے جمع ہوئے تھے اوراس دوران قابو سے باہر ہوگئے ،واقعے میں15 افراد جاں بحق ہوئے جن میں11خواتین شامل ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد ایک درجن سے زائد ہے ۔دریں اثنا پاکستا ن نے جلال آبادکے سٹیڈیم میں المناک حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر رنج وغم اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں افغان قیمتی جانوں کے ضیاع اور افراد کے زخمی ہونے کی خبر سن کر دلی رنج وغم اور افسوس ہوا ہے ۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ ہم متاثرہ خاندانوں سے اس حادثے پر تعزیت اور ہمدردی کرتے ہیں۔ یہ واقعہ افغانستان میں پاکستان کے قونصلیٹ جنرل سے کئی کلومیٹر دور اس مقام پر پیش آیا ۔ افغان عوام سے تعاون کی درخواست کرتے ہوئے افغان حکام سے گزارش ہے کہ ویزا کے درخواست گزاروں کیلئے بہتر انتظامات کئے جائیں تاکہ ان کا تحفظ اور سہولت یقینی بنائی جائے ۔