کابل،واشنگٹن(آ ن لائن،این این آئی )افغانستان میں طالبان اور سکیورٹی فورسز میں جھڑپیں جاری ہیں جبکہ 14اہلکار لاپتہ ہوگئے ہیں ، طالبان نے ضلع یمگان اور 4دیہات پر قبضہ کرلیا۔امریکہ کے نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمت زلمے خلیل زاد نے کہا ہے کہ مذاکرات کیلئے حکومتی وفد کا اعلان خوش آئند ہے ،افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اپنے ایک بیان میں واضح کیا ہے کہ وہ کابل حکومت کی ٹیم کے ساتھ مذاکرات نہیں کریں گے کیونکہ یہ مختلف دھڑوں پر مشتمل ایک نمائندہ وفد نہیں ہے ، طالبان کے اس بیان کو امریکا کے ساتھ طے پانے والی ڈیل کے لیے ایک دھچکا قرار دیا گیا ہے دوسری جانب افغان حکام کا کہنا ہے کہ کرونا سے ایک لاکھ ہلاکتوں کا خدشہ ہے ۔این این آئی کے مطابق افغان طالبان نے شمال مشرقی صوبہ بدخشاں کے ضلع یمگان، سرکاری عمارتوں اور اہم دفاتر پر قبضہ کر لیا،جانی ومالی نقصان کی اطلاعات ہیں۔