کابل،واشنگٹن (اے ایف پی ،آن لائن) افغانستان کے شمالی صوبہ فاریاب میں طالبان کی ایک مسجد پر فائرنگ کے نتیجے میں چار نمازی شہید اور 3 زخمی ہو گئے ۔ صوبائی پولیس کے ترجمان عبد الکریم یوراش نے بتایا کہ میمنا شہر میں ایک مسجد پر اچانک اندھا دھند فائرنگ کی گئی ۔ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے روسی ہم منصب سے افغانستان کی صورتحال پر گفتگو کی جس میں جنگجوئوں کو رقوم فراہم کرنے کی رپورٹس کا بھی تذکرہ کیا گیا ،ایک رپورٹ کے مطابق امریکہ اور طالبان میں امن معاہدہ کے بعد حملوں میں کمی کی بجائے اضافہ ہوا ہے ، گزشتہ 5 ماہ میں طالبان نے افغانستان میں 5ہزار 943حملے کئے ہیں،دوسری جانب امریکی نمائندہ زلمے خلیل زاد نے کہا ہے کہ معاہدے کااگلا مرحلہ شروع ہو گیا ،طالبان تشدد میں کمی لائیں ، افغانستان میں امریکی فورسز کے 5 اڈے ختم کردیئے گئے ،افغان میڈیا نے دعویٰ کیاہے کہ امریکی اڈے طالبان سے معاہدے کے تحت ختم کیے گئے ،اڈے صوبہ ہلمند،ارزگان،پکتیا اورلغمان میں قائم تھے ،افغانستان کیلئے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے ٹویٹ کیاہے کہ افغانستان سے فوجی انخلا کا پہلا دور مکمل ہوگیا،اگلے مرحلے میں قیدیوں کے تبادلے میں تیزی لانا ہوگی، معاہدے کے 135ویں روز دونوں فریقین ایک ' اہم سنگِ میل' پر پہنچ گئے ہیں،معاہدے کے پہلے مرحلے کے تحت امریکہ نے کہا تھا کہ 135 روز کے اندر فوجیوں کی تعداد کم ہو کر 8 ہزار 600 ہوجائے گی جبکہ 5 فوجی اڈوں سے فورسز کو مکمل طور پر ہٹادیا جائے گا،انہوں نے کہا امریکہ نے معاہدے کے تحت اپنے وعدوں کا پہلا مرحلہ مکمل کرنے کے لیے سخت محنت کی ہے ۔