لاہور( این این آئی) چیئرمین چین پاکستان اقتصادی راہداری اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر)عاصم سلیم باجوہ کی سربراہی میں لاہور میں اجلاس ہوا ۔ اجلاس میں محکمہ ترقیاتی و منصوبہ بندی کے چیئرمین حامد یعقوب شیخ اور دیگر افسران شریک ہوئے ۔اس موقع پر حامد یعقوب شیخ نے پنجاب میں جاری منصوبوں پر بریفنگ دی ۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں میگا منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے ۔ عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ سی پیک کے تحت تمام بڑے منصوبوں کی تکمیل کیلئے جدید ٹیکنالوجی بروئے کار لائی جائے گی، پنجاب حکومت کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بہترین پلاننگ ہے ۔زراعت، صنعت و دیگر شعبوں میں بہت کام کیا جاسکتا ہے ،پاکستان کے ہر شعبے میں کام کرنے کی بہت زیادہ گنجائش موجود ہے ۔ دریں اثنا چیئرمین سی پیک لیفٹیننٹ جنرل (ر)عاصم سلیم باجوہ نے صوبائی وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشد سے ان کے دفتر میں ملاقات کی جس میں مختلف اموپرتفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔عاصم سلیم باجوہ نے صوبائی وزیرڈاکٹریاسمین راشدسے سی پیک منصوبہ میں مدراینڈچائلڈہسپتال اورنرسنگ کالج بنانے کی خواہش ظاہرکی۔ جس پرصوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد کی جانب سے چین پاکستان اقتصادی راہداری میں صحت سے معلق اقدامات میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی ۔یاسمین راشد نے بتایا کہ پنجاب حکومت ضلع اٹک، میانوالی، لیہ، بہاولنگراورراجن پورمیں اسٹیٹ آف دی آرٹ مدراینڈچائلڈہسپتال بنارہی ہے ۔ لیہ مدراینڈچائلڈ ہسپتال کی مارچ میں گرائونڈبریکنگ کردی جائے گی ،م مدراینڈچائلڈہسپتالوں کے ساتھ نرسنگ کالجزبھی بنائے جائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ سپیشل سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ کئیر اجمل بھٹی محکمہ صحت کی جانب سے چین پاکستان اقتصادی راہدری اتھارٹی کے ساتھ محکمہ صحت سے متعلق اقدامات کے حوالہ سے فوکل پرسن ہوں گے ۔ عاصم سلیم باجوہ نے صوبائی وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشدکی پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کیلئے آسانیاں پیداکرنے کی کاوش کوسرہا۔