ملتان( سپیشل رپورٹر)نشتر ہسپتال میں جعلی ڈاکٹروں کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے ۔ایک اور جعلی ڈاکٹر دھر لیا گیا ہے ۔تفصیل کے مطابق جعلی ڈاکٹرز و ملازمین کی جانچ پڑتال کمیٹی کے ممبر کیپٹن ریٹائرڈ صباحت شیر خان کو جاوید نامی نوجوان کے متعلق مخبری ہوئی کہ نوجوان خود کو نشتر ہسپتال کا ڈاکٹر ظاہر کر کے ایمرجنسی اور نیورو وارڈ میں زیر علاج مریضوں اور انکے لواحقین کو ورغلا کر نجی ہسپتالوںمیں لے جاتا اور وہاں مہنگے داموں علاج کروا کر کمیشن بٹورتا ہے ۔ ہفتے کی رات جعلی ڈاکٹر جاوید اقبال نشتر ایمرجنسی ایسے ہی کسی سادہ لوح شکار کے چکر میں آیا جسے سکیورٹی گارڈز نے پکڑ لیا ۔ ملزم جاوید کے قبضے سے جعلی کارڈز اور ڈاکٹر کی مہر برآمد ہوئی جبکہ ملزم کو چھڑانے کے لئے نشتر ہسپتال کے سینئر ڈاکٹرز کی جانب سے دبائو بھی ڈالا گیا تاہم ایم ایس ڈاکٹر عاشق ملک نے ملزم کے خلاف سخت قانونی کاروائی کے احکامات جاری کئے جس پر سکیورٹی چیف صباحت شیر خان نے ملزم جاوید سے تحریری اعترافی بیان لینے کے بعد پولیس تھانہ کینٹ کے حوالے کر دیا ۔جہاں ملزم کے خلاف پرچہ بھی درج کر لیا گیا ہے ۔واضح رہے کہ رواں ماہ کے دوران نشتر ہسپتال سے مجموعی طور پر 7 جعلی ڈاکٹرز،ایک جعلی ملازم اور ایک جعلی صحافی پکڑے جا چکے ہیں۔