ملتان(سپیشل رپورٹر)نشتر ہسپتال ملتان کے کورونا پازیٹیو ڈاکٹروں کا جھومر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ۔ نشتر ہسپتال کے 26 ڈاکٹروں کو کورونا پازیٹیو ہونے کے بعد رجب طیب اردوان ہسپتال مظفرگڑھ منتقل کر دیا گیا تھا ۔ گزشتہ روز مظفر گڑھ ہسپتال میں زیر علاج کورونا پازیٹیو ڈاکٹروں نے دل بہلانے کے لئے جھومر ڈالا اور ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر دی ۔ ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئی ۔ اس حوالے سے ڈاکٹر عبدالقدوس ،ڈاکٹر سعید چودھری ودیگر کا کہنا تھا کہ جھومر ڈالنے کا مقصد یہ ہے کہ کورونا میں مبتلا ہونے کے باوجود حوصلے بلند ہیں ۔ اللہ کا شکر ہے سب ڈاکٹر صحت یاب ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس میں اصل پیغام یہ ہے کہ کورونا کے حوالے سے معاشرتی رویہ تبدیل کرنے کی ضرورت ہے ۔ کورونا وبائی مرض ہے جو کسی کو بھی ہو سکتا ہے ۔ لہذا اس حوالے سے کسی کو باعث نفرت سمجھنا نہایت غلط عمل ہے ۔