لاہور(سٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر اوقاف سید سعید الحسن شاہ نے اپنے آفس میں مختلف سماجی اداروں کے وفد سے ملا قات میں کہا ہے کہ صوبہ پنجاب کو ہر قسم کے نشہ سے پاک کرنے کے لئے حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے ۔اس سلسلہ میں وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر منشیات کے عادی افراد کی بحالی کیلئے تین بڑے شہروں لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں بحالی مراکز قائم کئے جائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ تعلیمی اداروں اور جیلوں میں منشیات کے استعمال کی روک تھام اور خاتمے کیلئے عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کے نقصانات سے متعلق شعور اور آگا ہی بڑھانے کی ضرورت ہے ۔س سلسلہ میں اس سے نقصانات سے آگاہی کے لئے ہر سطح پر مہم چلائی جائے گی۔ معاشرے سے اس ناسور کے خاتمے کیلئے علماء کرام اورسول سوسائٹیاں اپنا اپنا ا ہم کردار ادا کرنے کے لئے میدان عمل میں آ ئیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت منشیات کے استعمال کی روک تھام کیلئے تعلیمی اداروں میں طلبہ کی ہیلتھ پروفائلنگ کے کا م کو مقررہ مدت میں مکمل کرے گی ۔ حکومت نے نشے کے عادی افراد کا ڈیٹا بیس مرتب کرنے ، جیلوں میں قیدیوں کی ہیلتھ پروفائلنگ اور بائیو میٹرک تصدیق سے متعلق بھی ضروری ہدایات جاری کی ہیں۔ تعلیمی اداروں میں طلبہ کی ہیلتھ پروفائلنگ کا کام حکومتی ہدایت پر مارچ کے اختتا م تک مکمل کر لیا جائے گا۔