کوئٹہ ( سٹاف رپورٹر )بلوچستان کابینہ چودہ وزراء اور پانچ مشیروں پر مشتمل ہوگی جس کی حلف برداری دو مرحلوں میں ہونے کا امکان ہے ، اس بات کے امکانات ہیں کہ آدھے وزرا آج حلف لیں، ایسا نہ ہوا توتمام وزرا کی تقریب حلف برادری عید الاضحی کے بعد ہوگی، رات گئے تک وزیراعلیٰ جام کمال کی زیر صدارت پارٹی کی سینئر قیادت کا اجلاس جاری رہا۔ ذرائع کے مطابق اگر آج پہلے مرحلے میں وزرا کے حلف اٹھانے کا فیصلہ ہوجاتا ہے تو چھ سے سات وزرا حلف اٹھائیں گے جبکہ دوسرے مرحلے میں بھی سات وزرا اور مشیر حلف اٹھائیں گے ۔متوقع وزرامیں سردار یار محمد رند، نوبزادہ طارق مگسی، میر ظہور بلیدی،میر عارف جان حسنی، سردار نور محمد دومڑ ،انجینئر زمرک خان اچکزئی، عبدالخالق ہزارہ اور عمر خان جمالی جبکہ مشیروں میں میر ضیا لانگو دنیش کمار اور دیگر کے نام شامل ہیں۔مختلف ارکان اسمبلی نے وزارت کے حصول کیلئے کوششیں شروع کردی ہیں۔