لاہور(نمائندہ خصوصی سے ) ہائیکورٹ اور پنجاب حکومت کے احکامات کی روشنی میں صوبے میں جیلوں میں قید افرادکی بلڈ سکریننگ، نادرا سے انکی بائیو میٹرک تصدیق کے علاوہ نشے کے عادی قیدیوں کے علاج وبحالی کا فیصلہ کر لیا گیا۔یہ فیصلہ چیف سیکرٹری میجر (ر ) اعظم سلیمان خان کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں صوبے میں تعلیمی اداروں اور جیلوں میں منشیات کی روک تھام کے سلسلے میں کئے جانیوالے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ منشیات کی روک تھام کے ساتھ ساتھ نشے کے عادی افراد کی بحالی کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں اور اس سلسلے میں سرکاری سطح پر بحالی مراکز قائم کئے جائیں۔ اجلاس میں تقریبا 25کروڑ روپے کی لاگت سے کالا شاہ کاکو کے قریب بحالی مرکز کے قیام کے پائلٹ پراجیکٹ سے متعلق تجویزپر تفصیلی غور کیا گیا۔