لاہور؍اسلام آباد؍ کوئٹہ؍ کراچی(خبرنگار خصوصی؍ خصوصی نمائندہ؍ خصوصی نیوز رپورٹر؍ 92 نیوز رپورٹ) نیشنل پارٹی کے سربراہ میر حاصل بزنجو انتقال کرگئے ۔ پارٹی ترجمان کے مطابق میر حاصل بزنجو پھیپڑوں کے سرطان میں مبتلا تھے ، گزشتہ روز ان کی طبیعت خراب ہوئی تو انہیں فوری طورپر کراچی کے نجی ہسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں وہ جانبر نہیں ہوسکے اورخالق حقیقی سے جا ملے ۔ میرحاصل بزنجو کا گزشتہ ایک سال سے علاج جاری تھا، وہ بلوچستان کے بلند پایہ سیاستدان میر غو ث بخش بزنجو کے صاحبزاد ے تھے ،وہ نوازشریف کے دور میں وزیر پورٹ اینڈ شپنگ بھی رہے ۔میر حاصل خان بزنجو کی نمازہ جنازہ آج آبائی گاؤں نال خضدار میں ادا کی جائے گی۔ نیشنل پارٹی نے میر حاصل خان بزنجو کے انتقال پر 10روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے ۔صدر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان،چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، وزیراطلاعات سینیٹرشبلی فراز،وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ،قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف،چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری،سابق صدرآصف زرداری،نائب صدرن لیگ مریم نواز،اسفندیارولی، علیم خان، مولانا فضل الرحمٰن، قمر زمان کائرہ، چودھری منظور و دیگر نے کہا ہے کہ حاصل بزنجوکی وفات جمہوریت کیلئے بڑانقصان ہے ،وہ بلوچستان کی آوازتھے ،میرحاصل بزنجو کو جمہوریت کی شمع کے طور پر یاد رکھا جائے گا ۔