نئی دہلی ،سری نگر(کے پی آئی) جموں کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے پر ناراض بھارت نواز کشمیری رہنما اب دوبارہ نئی دہلی کے چکر لگانا شروع ہو گئے ۔مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیراعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداﷲ بیٹے عمر عبداﷲ کے ہمراہ اچانک نئی دہلی چلے گئے ، خیال کیا جاتا ہے کہ دورے کے دوران وہ بھارتی حکومت کے ساتھ معاملات طے کریں گے جبکہ وہ سیاسی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے پربھی رضا مندہوچکے ہیں۔ بھارتی اخبار کے مطابق نئی دہلی میں وزارت داخلہ کے ایک سینئرافسر نے عندیہ دیا جموں کشمیر میں سیاسی سرگرمیاں شروع کرنے کے لئے راہ ہموار ہورہی ہے اوراس سلسلے میں جموں وکشمیرسے تعلق رکھنے والے کئی قدآور رہنما ( بھارت نواز سیاسی رہنما) سیاسی سرگرمیوں کو دوبارہ شروع کرنے پراپنی رضا مندی ظاہرکرچکے ہیں ۔