لاہور(بابر علی)یونین کونسل کا نظام ختم ہونے کے باوجود یونین کونسلوں کی سطح پر ترقیاتی کام کرنے کا سلسلہ جاری ہے ۔محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ پنجاب کی جانب سے صوبائی دارالحکومت لاہور کی سابقہ 6 یونین کونسلوں میں 24کروڑ 53 لاکھ 62 ہزار روپے لاگت کی ترقیاتی سکیمیں شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق 14کروڑ 72 لاکھ 22 ہزار روپے لاگت سے یوسی 82 اسلامیہ پارک، یوسی 89 نواں کوٹ سمن آباد، یوسی 90زبیدہ پارک، یوسی 91 ڈنگی گراؤنڈ سمن آباد اور یوسی 97 سید پور میں سڑکوں اور گلیوں کی مرمت کی جائے گی۔ اسی طرح یوسی 208 نیو گارڈن ٹاؤن کے اے ، بی،سی اور سی ون بلاکس میں 9کروڑ 81 لاکھ 40 ہزار روپے لاگت سے گلیوں میں سیوریج سسٹم، پی سی سی اور ٹف ٹائلز کا کام کیا جائے گا۔ ورک آرڈر جاری ہونے کے بعد ان سکیموں کے تحت کام رواں ماہ کے آخر تک شروع ہونے کا امکان ہے ۔ واضح رہے کہ مئی 2019 میں سابقہ بلدیاتی نظام ختم ہونے کے بعد یونین کونسل کا نظام عارضی طور پر چلایا جا رہا تھا، اب دو ماہ قبل یونین کونسل کا نظام بھی ختم کر دیا گیا، لیکن اس کے متبادل نیبر ہڈ کونسلز قائم ہونے میں تاخیر کے باعث ترقیاتی سکیمیں یونین کونسل ختم ہونے کے بعد بھی اسی سطح پر شروع کی جا رہی ہیں۔