مکرمی! آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانا بھی ریاست ہی کی ذمہ داری ہے۔ہر شہری کی زندگی، وقار، عزتِ نفس اور جان ومال کو مکمل تحفظ حاصل ہونا چاہیے- عدالت عظمٰی نے احتساب کے جانبدارانہ اور یکطرفہ عمل کے نتیجے میں ملک اور قوم کو پہنچنے والے نقصانات کا تذکرہ بھی کیا ہے۔کہا جا سکتا ہے کہ سپریم کورٹ کا یہ فیصلہ دور رس اثرات مرتب کرے گا اور احتساب کے نام پر کی جانے والی یکطرفہ کارروائیوں کو روکنے میں کردار ادا کرے گا- تمام ریاستی اداروں جن میں مقننہ اور انتظامیہ کی بھی یہ ذمہ داری ہو گی کہ وہ سپریم کورٹ کے اس فیصلے کی روشنی میں اپنے اپنے دائرے میں موثر اقدامات کریں تاکہ احتساب کے نام پر انتقام کو فروغ نہ دیا جا سکے نہ ہی اسے یکطرفہ اور جانبدارانہ بنایا جا سکے۔حکومت اور اپوزیشن دونوں پر لازم ہے کہ اس فیصلے کی روشنی میں ایک دوسرے کی معاونت کریں اور بے لاگ احتساب کے نظام کو شفاف ،غیرجانبدار اورہرقسم کے دباؤ سے آزاد بنانے کیلئے اقدامات کریں۔ وقتی سیاسی ضرورتوں کو بالائے طاق رکھ کر قوم اور ملک کے مفاد میں قوانین بنائیں۔ (جمشیدعالم صدیقی‘ لاہور)