لاہور(خصوصی نمائندہ،مانیٹرنگ ڈیسک)گور نر ہاؤس لاہور میں لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی اور پاکستان یوتھ کونسل کے کارکنوں نے 400میڑ لمبا اور 5میڑ چوڑا پاکستانی پر چم لہرا کر نیاریکارڈ قائم کیا۔ گور نر پنجاب چودھری سرور نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائد کے پاکستان کو کر پشن ظلم اورناانصافی سے جیسے جرائم سے مکمل طور پر پاک کیا جائیگا ،ملک کولوٹنے والے کسی صورت ملک وقوم کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے ۔ملکی سرحدوں کی حفاظت اوردہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کی قر بانیاں دینے والوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے ، کشمیر آج بھی پاکستان کی شہ رگ ہے ہم کشمیریوں کی اخلاقی اور سفارتی سمیت ہر طر ح کی سپورٹ جاری رکھیں گے ، گورنرہاؤس لاہور میں ہونیوالی تقر یب میں گور نر پنجاب چودھری سرور کیساتھ بیگم گور نر پنجاب پر وین سرور ،وائس چیئر مین پاکستان اورسیز کمیشن وسیم چودھری ، یوتھ کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل عبید الر حمن سمیت یونیورسٹی کی طلباء اور طالبات کی کثیر تعداد شر یک ہوئی جنہوں نے ماضی 205میٹر لمبا پاکستانی پر چم بنانے کے ریکارڈکو توڑتے ہوئے 400میٹر لمبا پاکستانی پر چم لہرایا،علاوہ ازیں لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی اور پاکستان یوتھ کونسل کے کارکنوں کی جانب سے سلامت پورہ لاہور سے کنال بنک روڈ استعمال کرتے ہوئے ہر بنس پورہ پل یوٹرن لیکرکیمپس پل سمیت مختلف راستوں سے 1200فٹ لمبا پرچم پیدل لے کر چلنے کا ریکارڈ بھی بنا یا۔ ریلی میں عوام ، بچوں اور نوجوانوں نے شرکت کی اور پاکستان زندہ باد کے نعر ے لگاتے رہے ۔ وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد کے پارٹی آفس سنت نگردیوسماج روڑ پریوم پاکستان کے حوالہ سے تقریب منعقد کی گئی جس میں یوم پاکستان کے سلسلے میں کیک بھی کاٹاگیا ،وزیرصحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشد نے تقریب میں خصوصی شرکت کی ۔علاوہ ازیں واہگہ بارڈر پر پرچم اتارنے کی تقریب کا نہایت شاندار مظاہرہ کیا گیا۔ رینجرز کے چاق و چوبند جوانوں کی پریڈ بڑی جاندار رہی۔یوم پاکستان کے موقع پر واہگہ بارڈر پر پرچم اتارنے کی شایان شان تقریب ہوئی جس میں پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے گونجتے رہے ۔پرچم اتارنے سے قبل رینجرزکے سپیشل دستے کی جانب سے شاندارپریڈ کا مظاہرہ کیا گیا، اس موقع پر بینڈ کی جانب سے سرانجام دی گئی شاندار پرفارمنس نے تقریب کے شرکاکونہال کردیا ۔علاوہ ازیں سیالکوٹ ورکنگ باؤنڈری لائن کے سجیت گڑھ سیکٹر پر یوم پاکستان کے موقع پر عوام نے قومی پرچم تھامے ورکنگ باؤنڈری لائن کی طرف مارچ کیااور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے ۔