لاہور(نمائندہ خصوصی سے )امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ملک اس وقت شدید قسم کے بحرانوں کا شکار ہے آٹے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے بعد چینی کی قیمت بھی آسمان سے باتیں کر نے لگی ہے ۔جبکہ گیس اوربجلی کے نرخ بڑھانے کے حوالے سے بھی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ زرعی ملک میں آٹے اور چینی کا بحران حکمرانوں کی نااہلی نہیں تو پھر کیا ہے ؟۔ ان خیالات کا اظہار انہوں مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ناقص حکمت عملی کے باعث مہنگائی کا طوفان برپا ہے ۔ پہلے سستے داموں گندم باہر بھجوا کر کاشتکاروں کو نقصان پہنچایا گیا اب مہنگی گندم خرید کر عوام کو نقصان پہنچایا جارہا ہے ۔اس سارے معاملے میں جن افرا د نے فائدہ اٹھایا ان کے خلاف بھی تحقیقات کی جائیں۔ واضح ہوچکا ہے کہ موجودہ حکمرانوں کا کوئی معاشی وژن نہیں ۔ ذخیرہ اندازوں نے پورے نظام کو ہی مفلوج کرکے رکھ دیا ہے ۔ حکومتی رٹ کہیں نظر نہیں آتی ۔ مقدس فریضے حج پیکیج میں بھی60سے 80ہزار روپے اضافے کاامکان ہے ۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے حکمرانوں نے عوام کی زندگی کو عذاب بنانے کی قسم کھا رکھی ہے ، غریب عوام ریلیف کے لئے ترس گئے ہیں۔