لاہور،اسلام آباد(جنرل رپورٹر ،نامہ نگار) میٹرک رزلٹ میں طلبہ کیساتھ ہاتھ ہوگیا،بورڈ حکام نے نہم میں سپلی لینے والے طلبہ کو دہم میں بھی انہی مضامین میں فیل کردیا جبکہ دہم کلاس کے نمبروں کی مارکنگ بھی نہم کلاس کے نتائج کے حساب سے ہوئی ،اس بات پر طلبہ ناخوش دکھائی دیئے اور والدین کے ہمراہ لاہور بورڈ آفس کے باہر سراپا احتجاج بن گئے اور دھرنا بھی دیا، احتجاج کرنے والے طلبہ نے کہا ہے کہ جن بچوں کی نہم کلاس میں سپلی تھی اسی مضمون میں دسویں میں بھی فیل کردیا گیا۔دریں اثنا مظاہرین نے کہا کہ بورڈ حکام ،حکومت نے گریس مارکس دے کر پاس کرنے کا کہا تھا لیکن رزلٹ نے مایوس کیا۔حکومت اپنا وعدہ پورا کرے ، ہم فیسیں ادا کرنے کے لئے اتنے پیسے کہاں سے لائیں۔ادھر اے لیول ،او لیول کے طلبہ نے اگلی کلاسوں میں پروموٹ نہ کرنے کیخلاف نیشنل پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا ، مظاہرین نے کہا کہ جن بچوں کی انٹریز سکولز والوں نے بھیجیں صرف انکا رزلٹ آیا ، کورونا کی وجہ سے جن بچوں کی فیس لیٹ ہوئیں ان بچوں کی انٹریز سکول انتظامیہ نے روک لیں ،جس وجہ سے اگلی کلاسز میں پروموٹ نہ ہوسکے ۔ انکا کہنا تھا کہ کیمرج نے صرف ان بچوں کو آگے پروموٹ کیا جن کی انٹریز سکول انتظامیہ نے بھیجیں ،ہماری ایک فیس لیٹ ہونے کی وجہ سے ہمارے بچوں کی انٹریز کالج انتظامیہ نے روک لی، فیسز ادا کئے جانے کے باوجود ہمارے بچوں کا سال ضائع ہوگیا ۔اب ان بچوں کے امتحان اکتوبر نومبر میں ہونگے ۔طلباکے والدین کا کہنا تھا کہ6،7 ماہ سے بچے سکول جاسکے نہ بچے پڑھ سکے ، اکیڈمیز بند رہیں تو اکتوبر نومبر میں بچے امتحان کس طرح د ینگے ، والدین کا کہنا تھا کہ جن بچوں کو اگلی کلاسز میں پروموٹ کیا گیا وہ اب یونیورسٹی میں ہیں، ہمارے بچوں کا ایک سال ضائع ہوگیا ۔