لاہور (نامہ نگارخصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے ماتحت عدلیہ کے ججوں کے خلاف شکایات سے متعلق سالانہ رپورٹ جاری کر دی ، سال 2018 کے دوران ماتحت عدلیہ کے ججوں کے خلاف 1 ہزار 253 شکایات دائر ہوئیں جن میں سے 887 کو نمٹا دیا گیا ۔ پنجاب کی ماتحت عدلیہ کے ججوں کے خلاف 326 شکایات زیر التوا ہیں، سال 2018 کے دوران ماتحت عدلیہ کے ججوں کے خلاف 340 معمولی نوعیت کی شکایات دائر کی گئیں،اس دوران ججوں کے خلاف 156 معمولی نوعیت کی شکایات کو نمٹایا اور 184 شکایات زیر التوا ہیں۔ پنجاب کی ماتحت عدلیہ کے ججوں کے خلاف کرپشن کے الزامات کے تحت 12 شکایات دائر کی گئیں جن میں سے لاہور ہائیکورٹ نے 5 شکایات کو نمٹایا اور 7 زیر التوا ہیں۔ججوں کیخلاف 33 ریفرنس دائر ہوئے ، 14 نمٹائے گئے ، 19 زیر التوا ہیں۔ججوں کے خلاف 868 شکایات بغیر شناختی کارڈ اور بیان حلفی کے موصول ہوئیں، 712 کو نمٹایا گیا ، 156 شکایات زیر التوا ہیں۔