اسلام آباد ( خبر نگار خصوصی،92نیوزرپورٹ) چیئر مین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ آج نماز جمعہ مساجد کی بجائے اپنے اپنے گھروں میں ادا کریں۔ انہوں نے کہا تین سے پانچ افراد مسجد میں نماز ادا کر سکتے ہیں۔ کورونا کی وبا کی وجہ سے ایسے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں کو کہا مساجد کو کمیونٹی سنٹر قرار دیا جانا چاہئے ۔ گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کورونا کی وبا سے مرنے والے افراد کے لئے شہید یا جاں بحق کا لفظ ا ستعمال کیا جا نا چاہئے جاں بحق افراد کے نماز جنازہ میں صرف رشتہ داروں کو شرکت کی اجازت ہونی چاہئے تاکہ باقی لوگوں کو وبا سے ممکنہ طور پر بچایا جا سکے ۔13نکات پر بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا وبا کے خلاف احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں لیکن خوف اور ڈر کا پہلو نہیں ہونا چاہئے ۔ڈاکٹر قبلہ ایاز نے لوگوں سے کہا کہ کونسل نے قرار دیا ہے کورونا وائرس کا کسی فرقے سے کوئی تعلق نہیں ۔ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا کہ وباکی وجہ سے اندرون یابیرون ملک پھنسے ہوئے لوگوں کیلئے مناسب انتظامات کی ضرورت ہے تاکہ وہ عزت کیساتھ اپنے گھروں کوپہنچ جائیں۔