موسیٰ خیل /واں بھچراں(نامہ نگار،نمائندہ 92نیوز) نواب آف کالاباغ ملک اسد خان مختصرعلالت کے باعث اسلام آباد میں انتقال کر گئے ،مرحوم کی نماز جنازہ آج انکے آبائی شہر کالاباغ میں ادا کی جائے گی، نواب ملک اسد خان یکم جنوری 1940ء کو کالاباغ میں پیدا ہوئے ، انہوں نے رائل ایگریکلچر کالج سائرن سسٹر لندن سے ایگریکلچر میں گریجوایشن کی ڈگری حاصل کی،بیروت اور امریکہ سے زراعت کے شعبے میں مزید سپیشلائزیشن کی،روس سے رینج اینڈ ڈیزرٹ مینجمنٹ میں کورسز کئے ،جون 1967ء میں میر آف ہنزہ میجر جنرل میر جمال خان کی بیٹی سے ان کی شادی ہوئی، جن سے 2بیٹے نوابزادہ ملک فواد خان اور نوابزادہ ملک عماد خان پیدا ہوئے ،جون 1989ء میں نوابزادہ ملک مظفر خان کی وفات کے بعد کالاباغ اسٹیٹ کا نظام وانصرام سنبھالا اورپہلے سے جاری تمام رنجشیں ختم کیں،طویل خاموشی کے بعد بوڑھ بنگلہ کی سیاسی وسماجی رونقیں بحال کیں، نوابزادہ ملک اسد خان مرحوم نواب آف کالا باغ سابق گورنر مغربی پاکستان ملک امیر محمد خان مرحوم کے بیٹوں میں آخری نشانی تھے ۔