لندن ،اسلام آباد،لاہور ( بیورورپورٹ ،92 نیوزرپورٹ،جنرل رپورٹر ،نیٹ نیوز ) سابق وزیراعظم نوازشریف کی لندن کے مہنگے ترین ریسٹورنٹ میں کھانا کھانے کی تصویر سوشل میڈیا پر وائر ل ہو گئی۔سابق وزیراعظم اس تصویر میں اپنے صاحبزادے حسن نواز، بھائی شہباز شریف، بھتیجے سلمان شہباز اور سمدھی اسحاق ڈار کے ساتھ بیٹھے نظر آ رہے ہیں۔شریف فیملی ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف ڈاکٹرز کی ہدایات کے مطابق اپنے اہلخانہ کے ہمراہ چہل قدمی کیلئے باہر گئے تھے جبکہ وزیراعظم عمران خان نے نوازشریف کے لندن میں ہوٹل سے کھانا کھانے کی تصویر کا نوٹس لے لیا ،وزیراعظم نے وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کو نوازشریف کی میڈیکل رپورٹس منگوانے کی ہدایت جاری کر دی،وزیراعظم نے صوبائی وزیرسے استفسار کیا کہ باہر جا کر کھانا کھا رہے ہیں یہ بیمار ہیں یا تندرست، انہوں نے ڈاکٹر یاسمین راشد کو ہدایت کی کہ نوازشریف کی رپورٹس فوری منگوائیں اور عوام کے سامنے حقائق لائیں۔وزیراعظم کی ہدایت کے بعدصوبائی وزیر صحت یاسمین راشدنے نوازشریف کے ذاتی معالج ڈاکٹرعدنان سے رابطہ کرلیا اور ڈاکٹر عدنان سے نوازشریف کی تازہ میڈیکل رپورٹس مانگ لیں۔ ادھر وفاقی وزیر برائے سائنس وٹیکنالوجی فواد چودھری نے نواز شریف کی تصویر وائرل ہونے پر طنزیہ انداز میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ لندن کے ہسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ میں ہونیوالی ملاقات کے مناظر۔ انہوں نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں لکھا کہ کھا پیو بیماری کا علاج انتہائی انہماک سے جاری اور سارے مریض بہتر محسوس کر رہے ہیں۔ نواز شریف کے صاحبزادے حسین نوازنے کہاہے کہ نوازشریف کی خاندان کے ہمراہ تصویرکوغلط سیاسی رنگ دیاجارہاہے ۔ ڈاکٹرزنے انکے مزیدبلڈٹیسٹ کیے ہیں ، پلیٹ لیٹس میں کافی اتارچڑھائو کونوٹس کیاگیا،پلیٹ لیٹس تاحال مستحکم نہیں،ڈاکٹرزنے تشویش کااظہارکیاہے ،ہیماٹولوجسٹ نے تاکیدکی ہے کہ دل کے علاج سے پہلے مشاورت کی جائے ،ایک ہفتے میں نوازشریف کاکارڈیک پروسیجرمتوقع ہے ،نوازشریف خاندان کے افرادکے اصرارپرگزشتہ روزگھرسے ہواخوری کیلئے نکلے تھے ،گھرمیں رہنے سے دم گھٹتاتھا،ڈاکٹرنے دن میں دوبارواک کاکہاہے ،آئوٹنگ علاج کاحصہ تھی ۔ نوازشریف گھر تک محدود تھے ، خاندان کے اصرار پر ہوا خوری کیلئے نکلے ،پاکستان میں بھی ڈاکٹرز نے نوازشریف سے کہا تھا دن میں دو بار واک کریں لیکن سانس پھول جانے کی وجہ سے نواز شریف واک سے گریز کرتے رہے ۔ افسوسناک بات ہے کہ نوازشریف کے گھر سے نکلنے کو سیاسی رنگ دے دیا گیا جبکہ نوازشریف کے بیرون ملک علاج کیلئے جانے کے معا ملے پر اہم انکشافات سامنے آگئے ، پنجاب حکومت کوابھی تک نوازشریف نے ضمانت میں توسیع کی دستاویزنہیں دیں ،پنجاب حکومت نے نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث سے رابطہ کرلیا،خواجہ حارث نے جواب دیاکہ نوازشریف سے متعلق کوئی دستاویزات نہیں ہیں، میڈیکل رپورٹ کیلئے ڈاکٹرعدنان یانوازشریف سے رابطہ کیاجائے ۔