میانوالی،موسیٰ خیل/پپلاں ،اسلام آباد(نامہ نگاران،سپیشل رپورٹر، 92 نیوزرپور ٹ، این این آئی، آن لائن )وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کرسی بچانے کیلئے نہیں، تبدیلی لانے آیا ہوں، نوازشریف کا سب کچھ خراب تھا ،جہاز کی سیڑھیاں چڑھتے دیکھا تو حیران رہ گیا ، سوچ رہا ہوں جہاز دیکھ کر یا لندن کی ہوا لگنے سے مریض ٹھیک ہوا، تحقیقات کرنے کی ضرورت ہے ،ڈاکوؤں کا مقابلہ کرکے دکھاؤں گا،آنیوالے دنوں میں ملک کو ترقی کی منازل طے کرائیں گے ۔ جمعہ کو وزیراعظم عمران خان نے میانوالی میں ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرسی بچانے کیلئے نہیں تبدیلی لانے آیا ہوں، ڈاکوؤں کا مقابلہ کرکے دکھاؤں گا، ڈیل کی تو ملک سے سب سے بڑی غداری ہوگی،شہباز شریف کا ایک ہی مقصد تھا ہمارے اوپر سے عمران خان کیسز ختم کردے ،یہ کیسز ہماری حکومت میں نہیں بنے ،مہنگائی اس لیے ہوئی کہ ماضی کی حکومتوں نے روپے کو مستحکم کرنے کے لیے پیسہ انجیکٹ کیا، اﷲ کا کرم ہے کہ ہمارا روپیہ صرف 35 فیصد گرا ورنہ ڈالر 250 سے 300 روپے تک جا سکتا تھا،کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ ختم ہو گیا، مثبت سمت کی جانب گامزن ہیں۔اب تک پاکستان میں بہتر بلدیاتی نظام نہیں آیا‘ہمارا بلدیاتی نظام ایسا ہوگا جس میں صوبوں سے اختیارات ڈسٹرکٹ اور گاؤں تک جائیں گے ۔قانون بن چکا ہے ۔ 23 سال قبل جب سیاست شروع کی تو احساس ہوا کہ لوگوں کو سب سے زیادہ مشکل اسی بات کی ہوتی ہے کہ جب وہ بیمار ہوں تو ہسپتال اور ڈاکٹرز نہ ہوں، مریضوں کو علاج کے لیے میانوالی سے لاہور اور راولپنڈی جانا پڑتا تھا۔ہسپتال میانوالی کے لوگوں کے لئے شروعات ہے ، میانوالی کے لیے صحت، پانی کی سکیموں کے لیے بہت پیسہ رکھا ہے اور پھر بچوں کے لیے تعلیم کا بندوبست کرنا ہے ۔انہوں نے کہاکہ میانوالی میں مانچسٹر کے بزنس مین انیل مسرت ایک نجی ہسپتال بنا رہے ہیں، اس ہسپتال کے بعد یہاں کے لوگوں کو علاج کے لئے کسی اور شہر جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔عمران خان نے کہاکہ جب جنرل مشرف نے جب سیاستدانوں کا احتساب شروع کیا تو انہیں کہا گیا کہ یہ سب ایک ہو جائیں گے اور آپ کی کرسی چلی جائے گی جس پر انہوں نے پہلے شریف فیملی کو اور پھر دوسری مرتبہ آصف زرداری کو این آر او دیا۔وزیراعظم نے کہاکہ اکیلا مافیا کا مقابلہ کروں گا کیونکہ مافیا رہ گیا تو ملک کا کوئی مستقبل نہیں ہو گا۔انہوں نے کہا کہ حسن نواز 8 ارب روپے کے گھر میں رہتے ہیں، پیسہ کہاں سے آیا؟ اسحاق ڈارکے والد کی سائیکل کی دکان تھی وہ ارب پتی ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ میں نے 10 مہینے کے دوران عدالت میں جائیداد کی 60 دستاویزات پیش کیں جبکہ مخالفین جو بھی دستاویز رکھتے وہ جعلی نکلتی ہیں ۔وزیر اعظم نے کہاکہ عمران خان کرسی بچانے کے لیے نہیں بلکہ تبدیلی لانے کیلئے آیا ہے اور اگر میں نے ملک کو نقصان پہنچانے والوں کو چھوٹ دی تو یہ ملک کے ساتھ سب سے بڑی غداری ہو گی۔سابق وزیراعظم کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا جب نواز شریف کو جہاز کی سیڑھیاں چڑھتے دیکھا تو پھر ڈاکٹرز کی رپورٹ یاد آ گئی۔انہوں نے کہا کہ سوچ رہا ہوں جہاز دیکھ کر مریض ٹھیک ہوا یا لندن کی ہوا لگتے ہی مریض ٹھیک ہو گیا، ابھی تک پتہ نہیں لیکن اس کی تحقیقات کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہاکہ میں پھر سے رپورٹ دیکھ رہا تھا کہ ہارٹ ٹھیک نہیں، شوگر ٹھیک نہیں اور پلیٹیلیٹس بھی کم ہیں لیکن سیڑھیاں چڑھتے دیکھا تو کہا کہ اﷲ تیری شان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کے ہوتے ہوئے یہودیوں کو سازش کی ضرورت نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن جھوٹ بول کر مدارس کے بچوں کو اسلام آباد لایا گیا، مدارس کے بچے بھی ہماری ذمہ داری ہے ، ہم ان کی مدد کریں گے اور ان کا نظام تعلیم بہتر بنائیں گے ۔انہوں نے ایک بار پھر بلاول پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ کنٹینر پر بارش ہوتی ہے تو پانی آتا ہے اور جھوٹا نیلسن منڈیلا بھی تقریر کر رہا تھا، ان سب کو پتہ ہے کہ آگے انہوں نے کہیں نا کہیں پھنس جانا ہے ، اس لیے سب اکٹھے ہیں۔ وزیراعظم نے میانوالی زچہ بچہ ہسپتال، میانوالی سرگودھا روڈ اور میانوالی یونیورسٹی کے سنگ بنیاد رکھے اور افتتاح کیا اور پھر نمل کالج موسی'خیل میں بھی خطاب کیا ۔اس موقع پر وزیراعلی'عثمان بزدار، وزیر صحت یاسمین راشد اور مقامی ایم این ایز و ایم پی ایز بھی ساتھ تھے ۔ دریں اثنا وزیراعظم سے بابر اعوان نے بنی گالہ میں ملاقات کی جس میں الیکشن کمیشن میں زیر سماعت پارٹی فنڈنگ کیس پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک میں معاشی عدم استحکام کی کوششیں ناکام ہو رہی ہیں، ملکی خزانہ لوٹنے والوں کو معاف نہیں کیا جائے گا۔ وزیراعظم سے وفاقی وزیر سیفران صاحبزادہ محبوب سلطان، ارکان اسمبلی خرم شہزاد، رضا نصر اللہ گھمن نے بھی ملاقات کی ۔