پشاور ( نیوز رپورٹر) جے یوآئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ملک و قوم کے وسیع ترمفاد میں آزادی مارچ کر رہے ہیں، آزادی مارچ کے اعلان سے حکمرانوں کی نیندیں حرام ہو چکی ہیں، نوازشریف اور پاکستان لازم و ملزوم ہے اورنواز شریف آزادی مارچ کے حق میں ہیں، انہوں نے کہا کہ جمہوریت کو پٹری سے اترنے نہیں دینگے ، اب بھی وقت ہے عمران حکومت مستعفی ہو جائے ورنہ 27 اکتوبر کے بعد ان کو سر چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی ،انہوں نے کہا کہ کمان سے نکلا ہوا تیر واپس نہیں ہوتا ہے اور اب حکمرانوں کا جانا اٹل ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ''ن''کے رہنما ارباب خضرحیات سے ملاقات کے دوران کیا۔ارباب خضرحیات نے 27 اکتوبر کے آزادی مارچ میں بھرپور شرکت کی یقین دہانی کر ائی۔دریں اثناء پشاور میں آزادی مارچ کے حوالے سے صوبہ بھر کے علماء کے نمائندہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علماء اسلام کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ملک کی معیشت کی کشتی ہچکولے کھا رہی ہے اور نااہل حکمران بیرونی قوتوں کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہوکر ملک کو مزید تباہی کی طرف لیجار ہے ہیں، تقریر پر خوشیاں منانے والے یو ٹرن کے ماہر ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مدارس نے ہمیشہ ہر موقع پر جاندار کردار ادا کیا ہے ، مدارس کو قومی دھارے میں لانے والے خود اسلامی دھا رے میں آجائیں،ہم مدارس کے دفاع کی جنگ لڑرہے ہیں ہم مدارس کو کسی کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑ سکتے ۔انہوں نے کہا کہ 27 اکتوبر کو ملک بھر سے قافلے اسلام آباد کی طرف روانہ ہونگے اور پرامن طور پر اپنا آئینی حق استعمال کرتے ہوئے موجودہ حکمرانوں کے خلاف میدان عمل میں آئینگے ۔آئین اور اسکی اسلامی شقوں کے تحفظ کی جنگ لڑناہمارا مذہبی کارڈ ہے تو آئین کے تحفظ کی جنگ ہم ضرور لڑینگے ،اگر اسلام آباد جانے سے روکا گیا تو پورا ملک جام کر دینگے اور گرفتاریوں کی صورت میں تمام تر حالات کی ذمہ دار حکومت ہوگی،علماء کنونشن سے اکرم خان درانی، علامہ راشد محمود سومرو، مولانا عطاء الرحمن ودیگر نے خطاب کیا ۔