سکھر(صباح نیوز) پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ اگر نواز شریفکو نقصان ہوا تو وہ قتل تصور کیا جائے گا اور اسکا قصور وار حکومت کو سمجھا جائیگا۔ شجر کاری مہم کی افتتاحی تقریب کے بعد صحافیوں سے گفتگومیں انہوں نے کہا کہ عمران خان اور اسکی پارٹی میری ایک بات یاد رکھیں، اگر نالائقی کی وجہ سے نوازشریف کو نقصان ہوا تو اسکو قتل سمجھا جائیگا، اس میں عمران خان اور اسکے ساتھی ملوث سمجھیں جائیں گے اور وہ اس سے بچ نہیں سکیں گے ،نواز شریف کی طبیعت ٹھیک نہیں ، سب صحت یابی کی دعا کریں۔ لاہور کے سروسز اور جناح ہسپتا ل میں امراض قلب کا شعبہ ہی نہیں، نوازشریف کو پنجاب کارڈیالوجی یا این آئی سی وی ڈی میں علاج کی اجازت نہیں دی جارہی، نوازشریف کو جیل سے نکال ہی نہیں رہے ، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پورے ملک کا ہوتا ہے ، صرف پارٹی کا نہیں ہوتا، عمران خان نے خود کو ابھی تک وزیراعظم نہیں سمجھا، وہ اب تک کنٹینر کی سیاست کررہے ہیں۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی پارلیمنٹ میں انگریزی میں تقریر اور اس پر وزیراعظم عمران خان کی تنقید پر انہوں نے کہا کہ قائد اعظم انگریزی میں تقریر کرتے تھے اور قوم قائد اعظم کے ہر ایک لفظ کو سمجھتی تھی ۔