لاہور ( این این آئی )وزیراعلیٰ پنجاب کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ چھ ہفتوں کی رہائی کے دوران نواز شریف کے علاج کیلئے انکی فیملی نے کوئی سنجیدہ اقدام نہیں کیا، سابق وزیراعظم اپنے گھر کے سامنے اپنے ہی ادارے شریف میڈیکل کمپلیکس کے دورے کرتے رہے ۔ امید ہے کہ ن لیگی قیادت اعلیٰ عدلیہ کے فیصلے کا احترام کریگی۔گزشتہ روز اپنے بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نواز شریف کے علاج کیلئے تمام سہولیات پہلے کی طرح مہیا کریگی، سابق وزیراعظم کی صحت کو انکے بچوں نے سنجیدہ نہیں لیا لیکن ہم لیں گے ۔ پنجاب حکومت نے پہلے بھی شریف فیملی سے دس گنا زیادہ اقدامات کئے اور سابق وزیراعظم کو علاج معالجے کی تمام سہولیات فراہم کرتی رہی۔شریف فیملی کی نسبت پنجاب حکومت نے نواز شریف کے علاج کیلئے زیادہ اقدامات اٹھائے ۔ نواز شریف کی ضمانت سے قبل مریم نواز آئے روز سوشل میڈیا پر سیاست کرتی رہیں،گزشتہ چھ ہفتوں میں اپنے والد کی صحت پر انکے صرف تین ٹویٹس سامنے آئے ۔ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کی واضح ہدایت ہے کہ نواز شریف کو علاج معالجہ کی تمام سہولیات فراہم کی جائیں۔