لاہور(کرائم رپورٹر،جنرل رپورٹر)سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کا کوٹ لکھپت جیل میں طبی معائنہ کیا گیا۔ جیل حکام اور ذرائع کے مطابق جیل کے ڈاکٹرزنے گزشتہ روز نواز شریف کا روٹین چیک اپ کیا،انکے بلڈ پریشر اور شوگر کے ٹیسٹ کئے گئے ۔ علاوہ ازیں باوثو ق ذرائع کے مطابق کوٹ لکھپت جیل میں قید نواز شریف کی خراب صحت کے پیش نظر کارڈیک ایمبولینس کی فراہمی اور کارڈیالوجسٹ کی تعیناتی کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں ۔ جیل انتظامیہ کی جانب سے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی انتظامیہ کو درخواست دی گئی تھی کہ ایسی ایمبولینس فراہم کی جائے جس میں دل کے مریض کو کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طبی امداد دینے کے آلات نصب ہوں ۔ جس پر پی آئی سی انتظامیہ نے اس حوالے سے بتایا کہ سروسز ہسپتال کی جانب سے پہلے بھی ایسے انتظامات کئے گئے ۔ تاہم اس سلسلہ میں محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کے ذریعے سروسز ہسپتال سے کارڈیک سہولیات کے حوالے سے رابطہ کیا جائے ۔ اب محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے دونوں ہسپتالوں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ خصوصی سہولیات سے معین ایمبولینس سروسز ہسپتال فراہم کریگا جس میں کارڈیک مانیٹر، وینٹی لیٹر، ڈی فیبیلیٹر اور ای سی جی مشین نصب ہو گی اور 24گھنٹے میں ایمبولینس میں ای سی جی ٹیکنیشنز بھی سروسز ہسپتال فراہم کریگا۔ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی صرف کارڈیالوجسٹ ڈاکٹرز فراہم کریگا ۔ دونوں ہسپتالوں کے ایم ایس ان احکامات پر فوری عملدرآمد کے پابندبنائے گئے ہیں ۔