لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پیپلزپارٹی کے رہنما بیرسٹر اعتزاز احسن نے کہاکہ نوازشریف کی بلڈ رپورٹس کے بار ے میں بہت شکوک شبہات پائے جاتے ہیں ،لیبارٹریز میں ہیرا پھیری کی گئی، یہ بہت حساب کتاب سے کیا گیا۔پروگرام نائٹ ایڈیشن میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا الطاف حسین کوکوئی حکومت نہیں لاسکی، ان پر تو بے شمار مقدمات تھے اورہیں ،اسحاق ڈار کو نہیں لایاجاسکا، ارب پتی مفرو ر افراد کی پناہ گاہ اس وقت لندن ہے ، بھارت کے کوئی پانچ سو کے قریب ایسے لوگ بھی لندن میں ہیں، اس لئے نوازشریف کیسے آئیں گے ، نوازشریف ماموں بناکر چلا گیا اوراس حوالے سے جوجج صاحب نے کہا ہے ، وہ بالکل ٹھیک کہا ، نوازشریف نہیں آئیں گے ، میرا خیال ہے کہ شاہد خاقان عباسی کے سوا کوئی ان کے ساتھ نہیں۔انہوں نے کہا 11 اکتوبر کو بلوچستان کے جلسے میں بھی مولانا فضل الرحمان کے جیالے ہی پہنچیں گے ۔ دفاعی تجزیہ کار لیفٹیننٹ جنرل (ر) امجد شعیب نے کہاکہ میرے خیال میں بھارت میں اگر کوئی بھی باضمیر شخص موجود ہے تو آج ا س کا سر شرم سے جھک گیا ہو، جب سے مودی آئے ہیں انہوں نے تومسلمانوں کو اپنے حساب سے فارغ کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا ہمیں کشمیر کے معاملے کو سارے فورمز پر اٹھانا چاہئے ۔نمائندہ واشنگٹن خرم شہزاد نے کہا 1856میں امریکہ میں پہلی بار صدارتی الیکشن کامباحثہ ہوا جوآج تک جاری ہے لیکن گزشتہ روزبائیڈن اورٹرمپ میں ہونے والا مبا حثہ ایک سکول بچوں کی طرح کا تھا، اس مباحثہ کے بعد ٹرمپ کے حامیوں نے موٹرسائیکل ریلی نکالی اورکہا کہ اس میں ٹرمپ جیت گئے ۔ بیوروچیف اسلام آباد سہیل اقبال بھٹی نے کہا سوشل میڈیا کتنا سوشل رہے گا ،اس کے حوالے سے حکومت نے قواعد وضوابط تیارکرلئے ہیں، ان کے مطابق دل آزاری اورنفرت کا باعث بننے والی پوسٹ پر ایکشن ہوگا۔