لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے قانون کی روشنی میں ہم نے نواز شریف کو واپس لانے کا فیصلہ کیا ہے ،چارماہ میں نوازشریف ایک روز بھی ہسپتال میں داخل نہیں ہوئے ، ہوٹلنگ کرتے رہے ،میں نے نوازشریف کو را کا ایجنٹ نہیں کہا، نوازشریف لندن میں خفیہ ملاقاتیں کررہے ہیں ،وکرم سود سے ایک گھنٹہ تک نوازشریف نے لندن میں ملاقات کی، اس کا را سے تعلق رہاہے ،چینی بحران کے حوالے سے بہت سے لوگوں سے مل کرسازشیں کرتے رہے ۔پروگرام ہوکیارہاہے میں میزبان فیصل عباسی سے گفتگو میں انہوں نے کہا رانا ثنا نے بھی کہا 24 فروری کو نوازشریف کے دل کا آپریشن ہوگا لیکن اس کے فوری بعد ڈاکٹر عدنان کاٹویٹ آتا ہے آپریشن نہیں ہورہا، اس ساری صورتحال کو دیکھ کران کی ضمانت میں توسیع کو مسترد کیا گیا۔بہاولپور میں شریف برادران کی شوگرملز سے ہزاروں چینی کی بوریاں برآمد ہوئیں۔ دادو سے پی پی کے رہنمائوں کے گوداموں سے 85 ہزار بوریاں پکڑی گئیں۔16شوگر ملیں انور مجید،14 آصف زرداری،16 شریف برادران ا ورکچھ دیگر کی ہیں،تین شوگرملیں جہانگیرترین کی ہیں، وہ کیسے مافیا ہوسکتے ہیں، یہ لوگ لندن میں بیٹھ کر بحران پیدا کررہے ہیں، ان کے بھارتی وزیراعظم سے تعلقات ہیں،مودی پولینڈ سے انڈین ایئر فورس کے اس طیارے سے پاکستان سے آئے جو زمین کے تمام نقشے لے سکتا ہے ۔ن لیگ کے رہنما طلال چودھری نے کہا پاکستان میں سب سے زیادہ شوگرملیں کس کی ہیں عوام کواس کا پتہ ہے ، یہ ہمیں جومرضی کہیں لیکن غریب کو آٹا اورچینی دے دیں، غریب کی روٹی پوری کریں، ان کے ساتھ گلی محلوں میں وہ ہوگا جو پاکستان کی تاریخ میں کسی کے ساتھ نہیں ہوا، ان میں یہ صلاحیت نہیں کہ حالات کنٹرول کرسکیں۔تجزیہ کار عارف نظامی نے کہا ٹرمپ نے کشمیر اوربھارت میں مسلمانوں کے خلاف ظلم پرایک لفظ تک نہیں کہا، مطلب مودی اورٹرمپ دونوں ملے ہوئے ہیں، صحافیوں کے تحفظ کا بل کابینہ سے ان پرنسپل منظور کیاگیا جس کی تمام تر تیاری شیریں مزاری کرکے گئی تھیں لیکن فردوس عاشق اعوان نے مخالفت کی ،بل پی ٹی آئی کی اندرونی رسہ کشی کا شکار نہیں ہوناچاہئے اس پرسی پی این ای نے بھی حمایت کی لیکن حکومت میں اپنی ڈیڑھ ڈیڑھ اینٹ کی مسجد بنانے کا مسئلہ بناہوا ہے ۔