لاہور(خصوصی نمائندہ)صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت سید صمصام علی بخاری نے کہا ہے کہ نواز شریف نے ماضی میں بھی این آر او کیا اور اب بھی تلاش میں ہیں، اپوزیشن یاد رکھے عوام کا حافظہ اتنا بھی کمزور نہیں کہ اْن کا ماضی بھول جائے ۔ نواز شریف کوبیرون ملک جانے کی اجازت عدالت دیدے تو حکومت کیا کر سکتی ہے ۔ نواز شریف نے خود کہا وہ بیرون ملک نہیں جانا چاہتے ،اب کیوں عدالت میں اپیل دائر کر دی ۔ سابق وزیراعظم کا اصل مسئلہ بیماری نہیں فراری ہے اور اگر وہ بیرون ملک جانے میں کامیاب ہو گئے توباقی قیدیوں کا کیا قصو ر ہے ۔دونوں جماعتیں حکومت کی مخالفت میں آپس میں پینگیں بڑھا رہی ہیں۔ میثاق جمہوریت کی آڑ میں ایک دوسرے کی کرپشن کو تحفظ فراہم کرنے والے اب بے نقاب ہو رہے ہیں ۔ ان کرپشن، منی لانڈرنگ اور بیرون ملک چھپائے گئے اثاثوں کی داستانیں زبان زدعام ہیں۔صمصام بخاری نے کہا بیوروکریسی میں خرابی کا اصل ذمہ دار بھی نواز لیگ کا طویل دور حکومت ہے ۔ لیگی دورحکومت میں سرکاری مشینری کو ریاست کی بجائے مخصوص خاندان کا وفادار بنادیا گیا۔ان کا کہنا تھا حالات بہتری کی طرف جا رہے ہیں، جلد اچھی خبریں آئیں گی،وزیراعظم نے مہمندڈیم کا سنگ بنیاد رکھ کر قوم کے خوشحال مستقبل کی نوید سنا دی ہے ۔پنجاب میں نئے بلدیاتی نظام کے نفاذ سے عوام کو دیرینہ مسائل سے نجات ملے گی اور ایک روشن صبح کا آغاز ہو گا۔