ملتان (سپیشل رپورٹر)جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ نواز شریف کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ،اپوزیشن کو متحد ہونا چاہئے ،آج جنرل پرویز مشرف کا ہی دور چل رہا ہے ، اقتصادی لحاظ سے ملک دیوالیہ پن کو چھو رہا ہے ۔ عوام موجودہ حکومت سے تنگ آ گئے ہیں۔ ملتان میں جامعہ قاسم العلوم گلگشت کالونی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج اسرائیل کو تسلیم کرنے کی باتیں ہو رہی ہیں، پارلیمنٹ کے اندر اسرائیل کی حمایت کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 100دن پورے ہونے پر فخریہ انداز میں کہا گیا کہ بجلی، گیس کی قیمت بڑھا دی، روپے کی قیمت گرا دی، یہ ہم نے خود کیا آئی ایم ایف کے کہنے پر نہیں کیا، اور 200دن پورے ہونے پر آئی ایم ایف کے پاس چلے گئے ۔ یہ کام نواز شریف کرتاتو مودی کے یار اور غدار کے نعرے لگ جاتے ، انہوں نے کہا کہ بھارت شکست کھا چکا ہے ، مودی اب صرف اپنی سیاسی پوائنٹ سکورنگ چاہتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف سے زیادتی ہو رہی ہے ، انہیں بنیادی حق بھی نہیں دیا جا رہا، سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام وطن عزیز کے دفاع کیلئے تیار ہے ، اپوزیشن کا اتحاد ہونا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ طالبان سے مذاکرات ٹھیک ہیں البتہ اس میں ہمارا کوئی کردار نہیں ہے ۔دریں اثناء مولانا فضل الرحمٰن نے جامعہ قاسم العلوم گلگشت کالونی اور جامعہ عمر بن خطاب ٹی چوک شاہ رکن عالم کالونی کی سالانہ تقریب ختم بخاری شریف سے بھی خطاب کیا۔