لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات شبلی فراز نے کہا کہ ہم تو معاملے کو ہینڈل کررہے ہیں لیکن سندھ حکومت سے معاملہ ہینڈل نہیں ہوا ،کیپٹن صفدر کے واقعہ کواس لئے دوسرا رنگ دیا گیا تاکہ مزا رقائدؒ پر کی جانے والی ہلڑ بازی سے لوگوں کی توجہ ہٹ جائے ،نوازشریف کو واپس لانے کیلئے ہرحدتک جائیں گے ۔پروگرام ہارڈ ٹاک پاکستان میں میزبان ڈاکٹر معید پیرزادہ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہ کہ وزیراعلیٰ سندھ پریس کانفرنس میں صفدر کے عمل کی مذمت کرتے ہیں لیکن سندھ حکومت نے واقعہ کو اس طرح بیان کیا کہ جیسے انہوں نے کچھ غلط کیا ہی نہیں، نوازشریف باہر بیٹھ کر کیسے بیانات دے سکتا ہے وہ تو ایک کریمنل ہے جو دھوکہ دے کر باہر گیا ، وہ اس گھر میں بیٹھ کرملکی اداروں کے خلاف بیانات دے رہے ہیں جو انہوں نے قومی دولت لوٹ کربنائے ،انکا ڈاکٹر ایک بھارتی نژاد ہے انہوں نے کوئی رپورٹ نہیں بھجوائی ، وہ فوج کے خلاف نفرت ا ور غیر یقینی صورتحال پیدا کررہے ہیں ، ہمیں پتہ ہے کہ ماضی میں حکومتوں نے کس طرح خزانوں کے منہ کھولے کس طرح سے میڈیا کو اشتہارات دیئے اس عمل کو ہم نے شفاف بنادیا ہے ، 2018 سے اب تک کے میڈیا کے سارے بقایا جات ادا کردیئے ہیں لیکن بدقسمتی سے مالکان نے اپنے ملازمین کو تنخواہیں ادا نہیں کیں۔سربراہ اے کے ڈی گروپ عقیل کریم ڈھیڈی نے کہاکہ پہلی بار ملک میں کاروباری سرگرمیاں بہت اچھی ہوگئی ہیں ،کورونا کے باوجود ملکی معیشت بہتر ہے اتنی مشکلات کے بعد بھی پا کستان کی ایکسپورٹ بڑھ رہی ہے بجلی کی ڈیمانڈ24ہزار میگاواٹ پرچلی گئی جس کامطلب ہے کہ ہماری صنعت چل رہی ہے ۔ سیکرٹری جنرل اپٹما شاہد ستار نے کہا کہ ہمیں برآمدی آرڈرزتو مل رہے ہیں لیکن ہماری اتنی صلاحیت ہی نہیں ہے اس وقت باہر سے کوئی آتا ہے تو ہم اس کی ڈیمانڈ کو چھ ماہ سے ایک سال میں تیار کرتے ہیں ، ہمارا اندازہ ہے کہ ہماری ایکسپورٹ 20 سے 25 فیصد بڑھ جائیں گی اس سال 25 سے 26 ارب ڈالر تک ایکسپورٹ چلی جائیں گی۔